محکمہ کسٹمز پاکستان کی بہتر شناخت کیلئے اقدامات کرے، حفیظ شیخ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ نے انٹرنیشنل کسٹمز ڈے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹمز حکام اس طرح سہولتیں فراہم کریں کہ لوگوں کو خوشی محسوس ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ محکمہ کسٹمز پاکستان کی نمائندگی کررہا ہے کیونکہ پاکستان کی عزت اس نام سے جڑی ہوئی ہے۔ پاکستان کی ٹریڈ میں سہولتیں فراہم کرنے میں محکمہ کسٹمز کا مرکزی کردار ہے۔ حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ پاکستان کسٹمز کسی زبردستی کے بغیر محصولات اکھٹا کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے لئے اتنے محصولات اکھٹے کریں کہ یہ ملک اپنے پاؤں پر کھڑا ہوجائے اور ہمیں دنیا میں کسی سے مدد نہ لینی پڑے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کسٹمز میں ٹیکنالوجی اور سہولیات کے لئے حکومت ہر ممکن مدد کرے گی۔ انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ غیر ملکی جب پاکستان آئیں تو انہیں یہاں ایئرپورٹ پر کسی قسم کے مسائل کا سامنا نہ ہو، امیگریشن اور دیگر دستاویزات کی جانچ پڑتال بخوشی انجام پائیں تاکہ غیر ممالک میں پاکستان کا روشن چہرہ اجاگر ہو۔ انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورت ہے کہ محکمہ کسٹمز ملک کی ترقی اور اپنی شناخت کو بہتر کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسٹمز کاروبار، محصولات اور سیاحت کی ترقی کے لئے بھی کام کرے تو یہاں سیاحوں کی تعداد دگنی ہوسکتی ہے۔ محکمہ کسٹمز پاکستان کی شناخت ہے۔ ممبر کسٹمز آغا جواد نے اس موقع پر کہا کہ ہم یہاں انٹرنیشنل کسٹمز ڈے منارہے ہیں۔ ہر سال ایک سلوگن چنا جاتا ہے جس کا تعلق اس سال کسٹمز کی ذمہ داریوں، انسانیت اور اس زمین کے لئے ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کسٹمز اپنی خدمات 24 گھنٹے پوری ذمہ داریوں سے ادا کررہا ہے۔ محکمہ کسٹمز کی اس سال کامیابیاں اس سلوگن کے حوالے سے زیادہ ہیں جس میں ٹریڈرز کے لئے سہولتیں اور IP کے شعبہ میں پیش رفت شامل ہیں۔ اس سلسلے میں محکمہ کسٹمز نے 7 تا 10 ارب روپے کے جعلی اشیاء ضبط کی ہیں، ان جعلی اشیاء کے باعث کمپنیوں کو نقصان پہنچ رہا تھا ۔ پاکستان کسٹمز 35 ممالک کے ساتھ معلومات کا تبادلہ کررہا ہے جبکہ حقیقی ٹریڈ کو پروموٹ کیا جائے۔