ایف بی آرنے ٹیکسٹائل، لیدر کے رجسٹرڈ ایکسپورٹرز کیلئے آن لائن فروخت پر سیلز ٹیکس کی شرح 6 فیصد کردی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف بی آر نے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کی سہولت کے لئے انٹرنیٹ کے ذریعہ فروخت کئے گئے سامان پر سیلز ٹیکس کی شرح 9 فیصد سے کم کرکے 6 فیصد کردی ہے بشرطیکہ وہ اپنی محصولات ایف بی آر کے آن لائن سسٹم کو فراہم کریں۔ ایف بی آر نے ایس آر او 1125 کے تحت سیلز ٹےکس کی کم شرح کی سہولت کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے ٹیکسٹائل اور لیدر کے مینوفیکچررز کو آپشن دیا ہے تاکہ تیار مال کی فروخت پر سیلز ٹیکس کی شرح 9 فیصد کی جگہ 6 فیصد حاصل کرسکتے ہیں اگر وہ اپنے پوائنٹ آف سیلز کو ایف بی آر کے سسٹم کے ساتھ منسلک کردیں۔ ایف بی آر نے سیلز ٹیکس میں ہونے والی چوری کو روکنے کے لئے ایک سسٹم تیار کیا ہے جس کے تحت ابھی یہ سہولت ٹیکسٹائل اور لیدر کے ایکسپورٹرز اور مینوفیکچررز کو حاصل ہیں۔ اس سسٹم کے تحت ان سیکٹرز کو اپنے تمام پوائنٹ آف سیلز کو ایف بی آر کے سسٹم کے ساتھ منسلک کرنا ہوگا اور خرید وفروخت کی تمام معلومات ایف بی آر کو دینا ہوں گی۔ انٹرنیٹ یا آن لائن پر کم شرح کی سہولت پہلے موجود نہیں تھی البتہ اب یہ سہولت ان سیکٹرز کو دے دی گئی ہے۔ ایف بی آر کے مطابق اب تک 75 سے زائد یونٹ اس سسٹم پر آچکے ہیں اور اپنی معلومات دینی شروع کردی ہیں۔
Leather Export