ایم سی سی ایسٹ ،کرپشن پر قابو پانے کے لئے کنسائمنٹس کی سخت نگرانی شروع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ اپریزمنٹ ایسٹ نے مس ڈیکلریشن، انڈر انوائسنگ پر قابو پانے کے لئے پورٹ سے کلیئر ہونے والے کنسائمنٹس کی سخت نگرانی شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں کلکٹر اپریزمنٹ ایسٹ ڈاکٹر ندیم میمن نے آر اینڈ ڈی ایسٹ میں تعینات افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ کلیئر کئے جانے والے تمام درآمدی کنسائمنٹس بالخصوص گرین چینل کے ذریعہ کلیئر ہونے والے کنسائمنٹس کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ کرپشن پر قابو پایا جاسکے۔ کلکٹر ڈاکٹر ندیم میمن نے افسران کو ہدایات دی ہیں کہ ایسے کنسائمنٹس جس کی کلیئرنس خام مال کی قیمت پر کی جارہی ہے، ان کو روک کر جانچ پڑتال کی جائے اور ان میں ملوث کسٹمز کے عملے اور درآمد کنندگان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی کرپشن سے باقاعدگی سے درست محصولات دینے والے درآمد کنندگان متاثر ہوتے ہیں۔ اس لئے یہ اقدام اٹھایا جارہا ہے تاہم درست ڈیوٹی و ٹیکسز دینے والے درآمد کنندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں دینے کے لئے کسٹمز افسران کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی جبکہ یہ بھی ہدایات دی گئی ہیں کہ تمام افسران کو اس بات کا پابند کیا گیا ہے کہ وہ وقت کی پابندی کو یقینی بنائیں تاکہ ٹریڈرز کو کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ انڈر انوائسنگ کی روک تھام کے لئے خصوصی ٹاسک فورس بنانے کی تجویزپر بھی غور کیا جارہا ہے۔
MCC East start vigilance of Consignments