انفورسمنٹ ملتان،43کروڑسے زائد مالیت کی اسمگل اشیاءضبط
ملتان(اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمز، انفورسمنٹ، ملتان نے اسمگلنگ کے خلاف اپنی کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دسمبر 2023 میں 43کروڑ72لاکھ90ہزارروپے مالیت کی ا سمگل شدہ اشیاءضبط کیںجو کہ گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد زیادہ ہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹر سید عمران ایس بخاری اور ایڈیشنل کلکٹر شاہ فیصل کی سربراہی میں ملتان کلکٹریٹ نے قانونی تجارت کی حمایت کرنے اور اسمگل شدہ سامان استعمال کرنے والے غیر قانونی کاروبار کو روکنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ ملتان کلکٹریٹ کی جانب سے ممبر کسٹمزڈاکٹر فرید اقبال قریشی کی ہدایات پر اسمگل شدہ گاڑیوں کو ضبط کرنے پر بھی توجہ مرکوز کی ہے، جو اکثر مجرمانہ یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔ اس کے نتیجے میں کلکٹریٹ نے دسمبر میں 40 نان ڈیوٹی ادا کی گئی گاڑیاں ضبط کیں جو کسی بھی مہینے میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔کلکٹریٹ نے مختلف اشیا ءکی تین بڑی مقداریں ضبط کیں جن میں سگریٹ، چھالیہ، نسوار، گٹکا، کھانے پینے کی اشیائ، گھڑیاں، ہینڈ بیگ، بیڈ شیٹس، گارمنٹس، جوتے اور مزید دو کیرئیر گاڑیاں شامل ہیں جن کی مالیت 7کروڑروپے سے زائد بتائی گئی ہے۔علاوہ ازیںکلکٹریٹ نے نیلامی، کرنسی ڈپازٹس اور کیشمنٹ جیسے انتظامی اقدامات کے ذریعے بھی12کروڑ40لاکھ روپے کی آمدنی حاصل کی،۔ کلکٹریٹ نے اپنے انسداد سمگلنگ یونٹس بشمول موبائل اسکواڈز اور ہوائی اڈے کے عملے کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ضروری سامان، ایرانی پی او ایل، کرنسی، سونا اور موبائل فون کی غیر قانونی نقل و حرکت پر نظر رکھیں۔