پورٹ قاسم کلکٹریٹ :کسٹمز آفیسر سدابہارکی ملی بھگت سے اجینوموتو کا کنسائمنٹ کلیئر کرنے کی کوشش
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پورٹ قاسم نے بال کلے (مٹی) کی آڑ میں اجینوموتو کلیئر کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے کسٹمز آفیسر (ایگزامنر) ملک سدابہار، درآمد کنندہ میسر محسن پلاسٹک کے مالک محسن اور سمیع اﷲ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق کلکٹر پورٹ قاسم چوہدری جاوید کو خفیہ اطلاع ملی کہ غیر قانونی طور پر اجینوموتو کی کلیئرنس کی جارہی ہے جس پر کلیئر کے جانے والے اجینوموتو کے کنسائمنٹس کی دوبارہ ایگزامنیشن کروائی گئی تو انکشاف ہوا کہ میسر محسن پلاسٹک کی جانب سے فائل کی جانے والی گڈز ڈیکلریشن میں اجینوموتو کے بجائے بال کلے (مٹی کے گولے) تھی جبکہ ایگزامن آفیسر ملک سدا بہار کی جانب سے بنائی جانے والی ایگزامن رپورٹ میں پورے کنٹینرز میں مٹی ظاہر کرکے کنسائمنٹس کلیئر کردیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ امپورٹ پالیسی آرڈر 2016 میں ایس آر او 266 مورخہ 28 فروری 2018ءکے تحت اجینوموتو کی درآمد پر پابندی عائد کردی گئی تھی تاہم محکمہ کسٹمز نے کنسائمنٹس ضبط کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔