Eham Khabar

پورٹ قاسم ایکسپورٹ کلکٹریٹ نے اسمگل کی جانے والی 36کلوگرام ہیروئن پکڑلی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کسٹمز پورٹ قاسم کلکٹریٹ نے برآمدی کنسائمنٹ کے ذریعے ہیروئن اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔ پاکستان کسٹمز کی انسداد منشیات یہ سب سے بڑی کاروائی ہے۔ یہ بات چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ سیف الدین جونیجو نے کلکٹر پورٹ قاسم سید فواد شاہ،ایڈیشنل کلکٹرمعین افضل، ڈپٹی کلکٹر کسٹمز امجد امان لغاری ودیگر افسران کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران کہی۔ انہوں نے بتایا کہ سمڑیال کے ایک برآمدکنندہ کی جانب سے فٹبال کے کنسائمنٹ میں ہیروئن چھپاکر اسمگل کرنے کی کوشش کی جارہی تھی، کنسائمنٹ فٹبال کے400ڈبوں پر مشتمل تھا جس میں سے 58ڈبوں سے 36کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی۔ فٹبال کی پیکنگ سے برآمد ہونے والی ہیروئن مونٹریال کینیڈا بھیجی جارہی تھی، برآمدشدہ ہیروئن کی مارکیٹ ویلیو 36کروڑ روپے سے زائد ہے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز نے 5افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے ایکسپورٹر اور متعلقہ کلیئرنگ ایجنٹ سمیت 4افراد کو گرفتار کرلیاہے جبکہ پانچویں ملزم کو گرفتار کرنے کے لیے ٹیم سمڑیال بھیج دی گئی ہے۔ سیف الدین جونیجو نے بتایاکہ محکمہ کسٹمز کینیڈا کی درآمدکنندہ کمپنی کی بھی سفارتی چینل کے ذریعے تحقیقات کررہاہے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کلکٹر پورٹ قاسم ایکسپورٹ فواد علی شاہ نے بتایاکہ عمومی طور پر ملک سے برانڈڈ فٹبالز برآمد ہوتے ہیں لیکن مزکورہ کنسائمنٹ ان برانڈڈ فٹبالز پر مشتمل تھا لیکن اس کی پیکنگ انتہائی خوبصورت اور اعلی معیار کی گئی تھی حکام کو انتہائی اعلی معیارکی پیکنگ پر شک ہوا اور اسی بنیاد پر مخصوص کٹس کے ذریعے جب ایگزامنیشن کی گئی تو فٹبال کے 58ڈبوں میں سے ہیروئن برآمد ہوئی۔ ڈپٹی کلکٹر پورٹ قاسم امجد امان لغاری نے بتایا کہ پاکستان سے میسرز گریٹ تمن لارا اسپورٹس کمپنی کی جانب سے برآمد کیا جارہا تھا اس سے قبل مذکورہ کمپنی کی جانب سے دو کنسائمنٹس برآمدکئے جائے جس میں ایک کینیڈا اوردوسراجنوبی افریقہ برآمد کیاگیاتھا۔ انہوں نے بتایاکہ اس کنسائمنٹ کی مونٹریال کینیڈا میں درآمدکنندہ کمپنی کانام میسرز پاک گلوبل ٹیکسٹائل بیڈنگ کمپنی ہے۔ گرفتار ملزمان میں ملک محمد نعیم، محمد نصیر، عتیق الرحمان اور عتیق احمد خان شامل ہیں جبکہ ملزم نعیم الرحمان کی گرفتاری کے لیے ٹیم بھیج دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button