انڈرانوائسنگ کے ذریعے بال بیرنگ کے کنسائمنٹ کی کلیئرنس ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ اپریزمنٹ اینڈفیسی لیٹیشن ویسٹ نے انڈرانوائسنگ کے ذریعے بال بیرنگ کے کنسائمٹ کی کلیئرنس ناکام بناتے ہوئے ملزمان میں شامل میسرزایکسل انٹرنیشنل کمپنی کے مالک سید بشیراحمدکے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے ۔ذرائع کے مطابق میسرزایکسل انٹرنیشنل کمپنی کی جانب سے چائناسے بال بیرنگ اورٹیپرڈرولربیرنگ کا کنسائمنٹ درآمدکیاگیاتاہم مذکورہ درآمدکنندہ نے کنسائمنٹ کی گڈزڈیکلریشن میں بال بیرنگ اورٹیپرڈرولربیرنگ کی کم ویلیوظاہرکرکے کنسائمنٹ کلیئرکرنے کی کوشش کی ۔ذرائع نے بتایاکہ محکمہ کسٹمزکی جانب سے بیرنگ کے کنسائمنٹس کی انڈرانوائسنگ کے تحت کلیئرنس پر پہلے ہی نوٹس لیاجاچکا ہے اورملوث کسٹمزافسران کو بیرنگ کے کنسائمنٹس کی سخت جانچ پڑتال کے احکامات جاری کردیئے گئے ہیں،محکمہ کسٹمزنے بیرنگ کے کنسائمنٹس کی غیرقانونی کلیئرنس میں ملوث کسٹمزافسران کے خلاف بھی کارروائی کا آغازکیاجاچکاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ مزکورہ درآمدکنندہ کی جانب سے درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹ کی جانچ پڑتال کی گئی توانکشاف ہواکہ میسرزایکسل انٹرنیشنل کی جانب سے فائل کی جانے والی گڈزڈیکلریشن میں کنسائمنٹ کی درآمدی ویلیو43لاکھ67ہزار221روپے ظاہرکی جبکہ کنسائمنٹ کی درست درآمدی قیمت 72لاکھ24ہزار184روپے ہے۔ذرائع کے مطابق درآمدکنندہ نے کم ویلیوظاہرکرکے قومی خزانے کو لاکھوں روپے مالیت کا نقصان پہنچایاجارہاہے جس پر محکمہ کسٹمزنے مقدمہ درج کرکے ملزمان کو گرفتارکرلیاہے ۔