ہڑتال کے ڈر سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، اسمگلنگ کا سامان بیچنے والے شناختی کارڈ شرط کے مخالف ہیں، عمران خان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے گوجرانوالہ‘ سیالکوٹ اور گجرات کو برآمدی صنعتوں کے حوالہ سے گولڈن ٹرائی اینگل بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ ماضی میں جیسے ملک کو چلایا جارہا تھا اب ویسے نہیں چل سکتا‘پاکستان کو عظیم ملک بنائیں گے‘ اقتصادی استحکام و اصلاحات اور ٹیکس کی بنیاد میں وسعت کیلئے کوئی بھی دباﺅ قبول نہیں کریں گے‘ دباﺅیا ہڑتال کے ڈرسے پیچھے نہیں ہٹوں گا‘ پیچھے ہٹنا ملک و قوم سے غداری ہو گی‘سروسز سیکٹر 20 فیصد ہے مگر ایک فیصد بھی ٹیکس نہیںدیتا ‘سب کو ٹیکس نیٹ میں لیکر آنا ہے‘ اسمگلنگ کا سامان بیچنے والے تاجر شناختی کارڈ کی شرط کے مخالف ہیںان‘لوگوں کو ایف بی آر پر اعتماد نہیں‘ ادارے میں اصلاحات کرتے ہوئے خودکار نظام لایا جائے گا‘ا اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے ایک موثر اور فعال پالیسی کے ساتھ کریک ڈاﺅن کیا جائے گا، اس حوالہ سے تمام فریقین اور سکیورٹی ایجنسیوں کو اعتماد میں لے لیا گیا ہے، میرا جینا مرنا پاکستان میں ہے، بیرون ملک میری جائیداد ہے نہ ہی کوئی اکاﺅنٹ ہے، سابقہ حکمرانوں نے منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ بیرون ملک بھجوا کر جائیدادیں بنائی ہیں ان کا احتساب جاری رہے گا‘یہ رکے گا نہیں۔ ان خیالات کا اظہاروزیراعظم عمران خان نے بدھ کو یہاں گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے زیر اہتمام فرسٹ گوجرانوالہ ایکسپو 2019ءمیں نمایاں کارکر دگی کا مظاہرہ کرنے والے صنعتکاروں میں انعامات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔عمران خان کا کہناتھاکہ پاکستان میں جن لوگوں نے اربوں روپے کی کرپشن کی ہے ان کو جیلوں میں بھی ایئرکنڈیشن کی سہولت حاصل ہے جبکہ جو لوگ چند سو روپے کی چوری میں بند ہیں وہ پس رہے ہیں‘پاکستان کے عوام اور بیرون ممالک جائیداد رکھنے والوں میں بہت فرق ہے‘ان کی اور عوام کی حالت ایک جیسی نہیں ہے‘ہم بھی قرضہ لے کر ملک کو دیوالیہ کرنے کے قریب پہنچا سکتے تھے لیکن میں اپنے آپ کو اس ملک کا شہری سمجھتا ہوں اور میرا سب کچھ یہیں پر ہے اس لئے وہ فیصلے کریں گے جو ملک قوم کی بہتری میں ہوں گے۔ انہوں نے تاجروں اور صنعتکاروں کو اپنی ٹیم قرار دیتے ہوئے کہا کہ معیشت کی بہتری، ٹیکس کی بنیاد میں وسعت اور معاشی استحکام کیلئے تاجر، صنعتکار اور کاروباری برادری حکومت کے ہاتھ مضبوط کرے، انشاءاللہ اس مشکل صورتحال سے ہم باہر نکلیں گے۔
PM Imran Khan