ٹریکٹر کمپنیوں کیلئے ریفنڈز کی ادائیگی کا طریقہ کار جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) وفاقی حکومت نے رجسٹرڈ زرعی ٹریکٹر مینوفیکچررز کو سیلز ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی اور رعایتی سیلز ٹیکس کی سہولت کیلئے نیا میکنزم متعارف کروادیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ریفنڈز کیلئے اہل زرعی ٹریکٹر مینوفیکچررز سٹار اور ریفنڈ کلیمز پراسیسنگ سسٹم کے ذریعہ آن لائن ریفنڈ کلیم جمع کرواسکے گا اور متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کو تمام مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ ریفنڈز کی درخواست جمع کروانا ہوگی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جن ریفنڈ کیسوں میں پراسیسنگ آفیسر کو کسی قسم کا شک ہوگا تو وہ متعلقہ ایڈیشنل کمشنر ان لینڈ ریونیو سے منظوری لے کر ان ریفنڈ کلیمز کے درست اور جنوئن ہونے کا پتہ چلانے کیلئے آڈٹ کرسکے گا اور یہ آڈٹ تیس دن کے اندر اندر مکمل کرنا ہوگا۔اس حوالے سے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کلیم جمع ہونے کے بعد اگر پندرہ دن کے اندر اندر کوئی پری آڈٹ نہیں کیا جاتا تو ایسے کیسوں میں سیلز ٹیکس رولز کے رول 39 ایس کے تحت شروع کی جانیوالی کاروائی ہونے کے بعد سات دن کے اندر اندر اضافی ان پُٹ ٹیکس ریفنڈز کرنا ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان رولز کے تحت منظور شدہ اضافی ان پپٹ ٹیکس فاسٹر ماڈیول کے ذریعئے پراسیس نہیں ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریفنڈ کلیم منظور ہونے کے بعد پندرہ دن کے اندر اند اہل ٹیکس دہندگان کور سیلز ٹیکس رولز 2006 کے تحت مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ مکمل ریفنڈ کلیمز داخل کروانا ہوں گے۔نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ اہل لوگوں کی جانب سے ریفنڈ کلیمز کے ساتھ جمع کروائے جانیوالے ڈاکیومنٹس کی بنیاد پر متعلقہ ڈویژن پوسٹ آڈٹ کرے گی اور ریفنڈ کلیم داخل ہونے کے بعد ساٹھ دن کے اندر اندر پروسیڈنگ مکمل کرنا ہوگی۔نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ زرعی ٹریکٹر مینوفیکچررز کو سیلز ٹیکس ریفنڈ کیلئے اس سے پہلے متعارف کروائے جانے والے ایگریکلچر ٹریکٹر مینوفیکچررز رولز 2012 منسوخ کردیئے گئے ہیں۔