فیڈریشن انتخابات میں بی ایم پی کی کامیابی پر قمر الاسلام کی مبارکباد
کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن کے قائم مقام چیئرمین قمرالاسلام نے فیڈریشن کے انتخابات میں بزنس مین پینل کی شاندار کامیابی پر نومنتخب صدر عرفان اقبال شیخ اور سینئر نائب صدر سلمان چاﺅلہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اسے معیشت کے لئے بہتر اقدام قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخاب میں طارق سعید کے بنائے گئے بزنس میں پینل نے واضح برتری حاصل کرلی ہے۔ برسر اقتدار گروپ بزنس مین پینل نے مجموعی طور پرصدر،سینئرنائب صدراورنائب صدر کی 7 نشستوں پر کامیابی حاصل کی اور یونائٹیڈ بزنس گروپ کے4 نائب صدور کامیاب ہوئے۔ بزنس مین پینل عرفان اقبال شیخ بھاری اکثریت سے صدر منتخب قرار پائے ہیں۔ عرفان اقبال شیخ نے 187 ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف امیدوار نعمان بٹ نے 159 ووٹ حاصل کئے۔ سینئر نائب صدر پر بھی بی ایم پی کے سلمان چاﺅلہ منتخب ہو گئے ہیں انہوں نے 199ووٹ حاصل کئے جبکہ ان کے مخالف یو بی جی کے حنیف گوہر نے 149 ووٹ حاصل کئے ،ایسوسی ایشن کی نشستوں پر بی ایم پی کے شبیرحن منشا ، انجینئر جبار ، ندیم قریشی اور شوکت علی بھاری اکثریت سے کامیاب قرار پائے ، کے پی کے سے بھی بی ایم پی کے فیڈرل ایریا کی نشست بھی بی ایم پی نے جیت لی ہے اور امین اللہ بیگ کامیاب قرار پائے ہیں ، بلوچستان اور خواتین کی نشست کا نتیجہ روک لیا گیا ہے۔