کوئٹہ کلکٹریٹ میں گریس کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس انڈرانوائسنگ کے تحت کئے جانے کا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ کوئٹہ میں گریس کے درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس میں انڈرانوائسنگ کے تحت کروڑوں روپے ڈیوٹی وٹیکسزچوری کئے جانے کا انکشاف ہواہے۔ذرائع کے مطابق کوئٹہ کلکٹریٹ میں گریس کے درآمدی کنسائمنٹس کومحکمہ کسٹمزکی جانب سے جاری کی جانے والی ویلیویشن رولنگ سے انتہائی کم ویلیوپر کسٹمزافسران کی ملی بھگت سے کلیئرکروائی جارہی ہیں۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ کوئٹہ کلکٹریٹ میں چائنا اوردیگرممالک سے درآمدکئے جانے والے گریس کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس 0.30ڈالر فی کلوگرام میں کی جارہی ہے جبکہ کراچی میں گریس کے درآمدی کنسائمنٹس کی کلیئرنس ویلیویشن رولنگ کے تحت ہورہی ہے۔واضح رہے کہ محکمہ کسٹمزکی جانب سے جاری کی جانے والی ویلیویشن رولنگ کے تحت چائنا سے درآمدکی جانے والی گریس کی درآمدی ویلیو1.88ڈالر فی کلوگرام اوردیگرممالک سے درآمدکی جانے والی گریس کی درآمدی ویلیو2.07ڈالرفی کلوگرام مختص کی گئی ہے ۔ذرائع نے مزیدبتایاکہ کوئٹہ کلکٹریٹ میں گریس کی کلیئرنس کم ویلیوپر ہونے کے باعث کراچی سے ماہانہ 100سے زائد گریس کے کنسائمنٹس کوئٹہ کلکٹریٹ میں کلیئرنس کے لئے بھیجے جارہے ہیںکیونکہ درآمدکنندہ کو گریس کے ایک کنٹینرپر 7لاکھ سے زائد ڈیوٹی وٹیکسزکی بچت ہوتی ہے اورکوئٹہ میں ایک ماہ میں 100سے زائد گریس کے کنسائمنٹس کی کلیئرنس عمل میں آتی ہے۔