آر ٹی اوکراچی ، جعلی انوائس کے ذریعہ10کروڑ ٹیکس چوری پر مقدمہ درج
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ریجنل ٹیکس آفس کراچی نے جعلی انوائسز پرکروڑوں روپے مالیت کے سیلز ٹیکس چوری میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق آر ٹی او کی جانب سے درج کی جانے والی ایف آئی آرمیں میسرزانجم انٹرپرائززکو نامزد کیا ہے جس پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس نے 2009تا2012کے دوران ٹیکس حکام کے ساتھ فراڈ کیا تھا جس میں فلائنگ انوائسز کی بنیاد پر سیلز ٹیکس ریفنڈز حاصل کرلیا تھا۔ انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن آئی آر کراچی نے یکم نومبر2012ءکو ایک ریڈ الرٹ جاری کیا تھا جس میں آئی آر کی حکام کو آگاہ کیا گیا تھا کہ مذکورہ کمپنی نے مجموعی طورپر10کروڑ12لاکھ13ہزارروپے مالیت کے ان پٹ ایڈجسٹمنٹ کلیمز کئے ہیں ۔ آر ٹی او کراچی نے ریڈ الرٹ جاری ہونے کے تقریبا 8 سال بعد اس کیس میں تحقیقات کی ہیں اورمقدمات درج کئے جارہے ہیں۔ آر ٹی او کراچی نے ملزم پر الزام عائد کیا ہے کہ اس نے کئی اشیاءخرید کر ان کو دوسرے خریدار کو زیرو ریٹ سیلز ٹیکس پر فروخت کیا جس کے ذریعہ ریفنڈز لئے گئے جبکہ یہ سپلائی قانون کے مطابق نہیں تھیں۔