الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائسز کیلئے قوانین جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے الیکٹرانک سیلز ٹیکس انوائسز کے اجراءکے حوالے سے قوانین جاری کردیئے ہیں جس کے ذریعے ڈاکومینٹیشن کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہی۔ اس سلسلے میں ایف بی آر نے ایس آر او 1525(I)2023 جاری کیا ہے جس کے ذریعے سیلز ٹیکس قوانین 2006 میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس ایس آر او کے ذریعے رجسٹرڈ کاروبار کے ذریعے الیکٹرانک انوائسز کے لئے ایک فریک ورک وضع کیا گیا ہے۔ ان ترامیم کے تحت رجسٹرڈ افراد کو لازمی طور پر الیکٹرانک انوائسنگ سسٹم استعمال کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ رجسٹرڈ افراد کو اس سسٹم کی جاری کردہ انوائسز کے بغیر سیلز یا پرچیز کی اجازت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق نئے سسٹم کے تحت ایک رجسٹرڈ ٹیکس سپلائر یا سروسز پرووائیڈر کو وقت مقررہ کی بنیاد پر ٹیکس انوائس جاری کرنا ہوگا۔ اس انوائس میں قوانین کے مطابق تفصیلات درج ہونا ضروری ہیں۔ مزید یہ کہ رجسٹرڈ افراد کو اس سسٹم کے تحت گزشتہ چھ ماہ کا ریکارڈ رکھنا ضروری ہے۔