ٹیکس چوری کو روکنے کیلئے سیمنٹ ،چینی اور فرٹیلائزرکی نگرا نی کا فیصلہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایف بی آر نے سیمنٹ، چینی اور فرٹیلائزر میں سیلز ٹیکس کی چوری کو روکنے کے لئے فیکٹری میں تیار ہونے والے مال کی آن لائن مانیٹرنگ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق ان تین شعبوں میں سیلز ٹیکس کی چوری بڑے پیمانے پر ہورہی ہے اور اس کو روکنے کے لئے ان کے مال کی نگرانی ضروری ہے۔ ایف بی آر نے اس سلسلے میں آئی ٹی کی ماہر کمپنیوں سے خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ آئی ٹی کمپنیوں کی مدد سے ایف بی آر ان شعبوں کی فیکٹریوں میں تیار ہونے والے مال کی تعداد اور اس پر حاصل ہونے والے محصولات کا صحیح اندازہ کرسکے گی۔ اس کے علاوہ امپورٹ ہونے والی اشیاءکی بھی مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ان مصنوعات کی ایکسپورٹ پر بھی آن لائن مانیٹرنگ ہوگی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ لارج اسکیل مینوفیکچرنگ میں شامل سیکٹرز کافی حد تک دستاویزی ہیں البتہ اس میں شامل سگریٹ، سیمنٹ، چینی، بیوریجز سے حاصل ہونے والا ٹیکس توقعات سے کافی کم ہے۔