اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے والے ایف بی آر افسران کی ترقی روک دی جائے گی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے سینئر افسران پر واضح کردیا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کروانے پر ان کی ترقی روک دی جائے گی۔ ایف بی آر کے ایک حکم نامے کے مطابق بڑی تعداد میں گریڈ 19 اور گریڈ 20 کے افسران نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کروائیں۔ ایف بی آر نے ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز سروس کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ اثاثوں کی تفصیلات اور پروموشن ایولوشن رپورٹ 31 مئی 2021 تک جمع کروادیں۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن بہت جلد سینٹرل سلیکٹڈ بورڈ کی میٹنگ بلا رہا ہے جس میں آئی آر ایس/ پی سی ایس کے افسران کی پروموشن گریڈ 19 تا گریڈ 21 میں اور گریڈ 20 سے 21 میں کی جائے گی۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو ان افسران کی فہرست یکم جون 2022ءتک بھیج دی جائیں گی۔ ایف بی آر کے مطابق آئی آر ایس/ پی سی ایس کے افسران کی ایک بڑی تعداد میں اثاثوں کی تفصیلات اور PERs جمع نہیں کروائی ہے، ایف بی آر نے آئی آر ایس/ پی سی ایس کے گریڈ 19 اور گریڈ 20 کے افسران جوکہ ترقی کے قریب ہیں، ان کو ہدایت کی ہے کہ 31 مئی تک اپنے دستاویز جمع کروادیں۔ سول سرونٹ پروموشن (گریڈ 18 تا گریڈ 21) رولز 2019 کے تحت افسران کی پروموشن کے لئے اثاثوں کی تفصیلات اور PERs جمع کروانا لازمی ہے۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس کی خواہش ہے کہ تمام افسران کی پروموشن ہوجائے۔ ایف بی آر نے افسران کو خبردار کیا ہے کہ اثاثوں کی تفصیلات اور PERs کی عدم دستیابی پر اگر ان کی ترقی نہیں ہوتی تو اس کے خود ذمہ دار ہوں گے۔