پورٹ قاسم پر برآمدی کنسائمنٹس سے چاولوں کی چوری کے واقعات میں اضافہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم سے افریقی ممالک برآمدہونے والے چاولوں سمیت دیگراشیاءکے کنسائمنٹس سے ہونے والی چوری کے واقعات معمول کا حصہ بن گئے ہیں۔ ذرائع نے بتایاکہ پورٹ قاسم اتھارٹی کے کانٹے پرتعینات قیوم سولنگی نامی ملازم وزن کی جعلی رسیدیں بناکرچاول سمیت برآمدہونے والے دیگراشیاءکو مقامی مارکیٹ میں فروخت کرکے لاکھوں روپے حاصل کررہاہے ۔ذرائع نے بتایاکہ افریقی ممالک برآمدہونے والے چاولوں کی چوری قیوم سولنگی ،غلام نبی بروہی،مامااور ٹرانسپورٹرشہریار کی ملی بھگت سے کیاجارہاہے ذرائع نے مزیدبتایاکہ ایک ٹرک پر 45سے 50لاکھ روپے مالیت کے چاول لوڈہوتے ہیں، قیوم سولنگی کو ایک ٹرک چاول چوری کرنے پر 22لاکھ روپے کی رقم جبکہ ٹرانسپورٹرشہریارکو 8لاکھ روپے کی رقم حاصل ہوتی ہے ،چاول غلام نبی بروہی کو فروخت کئے جاتے ہیں اورچاولوں کی فروخت میں مامانامی شخص اہم کرداراداکرتاہے۔ذرائع نے بتایاکہ قیوم سولنگی وزن کی جعلی رسیدیں بناکرچاولوں کے ٹرک کو ٹرمینل سے باہرہی غلام نبی بروہی کے گودام میں بھجواکرلاکھوں روپے کی رقم وصول کرلیتاہے۔مزید انکشافات کے لئے برآمدی چاولوں کی چوری اورگودام پرمنتقل کرنے والی گاڑیوں کے نمبراوردیگردستایزات موصول ہوچکے ہیں جو آئندہ خبرمیں شائع کئے جائیں گے