کسٹمزکے عالمی دن کے موقع پر منشیات اوردیگرممنوعہ اشیاءنذرآتش کی گئیں
کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف کلکٹر کسٹم انفورسمنٹ محمد یحییٰ نے کسٹمزکے عالمی دن 26جنوری 2014کے موقع پر کہا کہ ملک سے منشیات اور اسمگلنگ کے خاتمے کے لئے کسٹمز افسران نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ملک سے منشیات کی لعنت کے خاتمے تک کسٹمز کی جانب سے آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا وسائل کی کمی اور دیگر مشکلات ہماری راہ میں رکاوٹ نہیں ڈال سکتی ہیں۔انہوںنے کہاکہ اسمگل شدہ اشیا ءکو بڑی تعداد میں تلف کرکے ہم نے ثابت کردیاہے کہ کسٹمز کا عملہ سمندری اور زمینی دونوں راستوں سے اسمگلنگ کے خلاف آپریشن جاری رکھا ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ کسٹمز افسران اور عملے کے حوصلے بلند ہیں۔چیف کلکٹرانفورسمنٹ محمدیحییٰ نے گھگھر پھاٹک پرکے قریب نیوی کے علاقے میں42 کلو ہیروئن ،3400غیر ملکی شراب کی بوتلیں،2500بئیر کی بوتلیں اور کین،9740کلو گٹکا (انڈین )20کارٹن سگریٹ،مختلف کیمیکل،اور اسمگل شدہ دیگرسامان نذرآتش کیا۔ اس موقع پر کلکٹرپریونٹیوطارق ہدیٰ اوربریگیڈئرابوظفرنے بھی اپنے خیالات کا اظہارکیا۔ قبل ازیں کسٹمز کے عالمی دن کے موقع پر کراچی کسٹم ہاوس میں پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی جس میں ممبر کسٹم نثار احمد نے پرچم کشائی اور مختصر بات چیت میں کہا کہ کسٹمز ملک سے ہر قسم کی منشیات اور ممنوعہ اشیاءکے خلاف بھرپور آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گامذکورہ تقریب میں ملکی غیر ملکی مہمان اور پاکستان نیوی کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی اس موقع پر کسٹمز کے بینڈ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔