Exclusive Reports

ڈیوٹی و ٹیکسز کی ادائیگی میں رشوت کیخلاف ایپکا کی مہم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) آل پاکستان کسٹمز کلیئرنگ ایجنٹس ایسوسی ایشن نے نیشل بینک کے ڈیوٹی اور ٹیکس کلیکشن اور ایکسائز کلیکشن کاﺅنٹرز پر رشوت ستانی کے خلاف بھرپور مہم کا آغاز کردیا ہے۔ ایپکا کے مطابق یہ دیکھنے میںآیا ہے کہ نیشنل بینک کا اسٹاف رشوت کے لئے جان بوجھ کر کیو مینجمنٹ سسٹم میں خامیاں پیدا کررہا ہے۔ اس سلسلے میں ایپکا کے چیئرمین قمر عالم کی قیادت میں پیٹرن انچیف ایپکا ارشد جمال، وائس چیئرمین منصور علی، وائس چیئرمین یونس، سابق وائس چیئرمین قمرالاسلام اور دیگر وفد نے نیشنل بینک کے ریجنل ہیڈ عبدالحکیم اور بزنس ڈیولپمنٹ ہیڈ شوکت خٹک سے ملاقات کی اور انہیں نیشنل بینک میں ہونے والی بدانتظامی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکس پیئرز کی سہولت کے لئے نیشنل بینک نے 19 کاﺅنٹرز بنائے تھے جبکہ اس وقت صرف ایک کاﺅنٹر پر ہی ڈیوٹی و ٹیکسز کی وصولی کی جارہی تھی جس کے باعث ڈیوٹی وٹیکسز کی ادائیگی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ اس موقع پر نیشنل بینک انتظامیہ نے کہا کہ ہم نے ایک رپورٹ تیار کرلی ہے جس پر آئندہ چند روز میں ڈیوٹی اور ٹیکس کی ادائیگی پر تیزی سے کام ہوگا اور رشوت ستانی کو روکنے کے بھی اقدامات کئے جائیں گے۔ ایپکا نے ایکسائز افسران کے خلاف بھی آواز بلند کی تاکہ اس میں بدعنوانی کا خاتمہ کیا جاسکے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button