ایل ای ڈی لائٹس کی درآمدپر 2کروڑسے زائد کی ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے ایل ای ڈی لائٹس کی درآمدپر 2 کروڑ 33 لاکھ روپے مالیت کی ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کا انکشاف کیا ہے جس میں 9درآمدکنندگان میں شامل میسرزآرجے کارپوریشن،میسرزذیڈاے ایچ انٹرنیشنل،میسرززمیرٹریڈنگ کمپنی،میسرزبوٹاانٹرنیشنل،میسرزگرین گلوبل ، میسرز کنجھار انٹرنیشنل، میسرز ماروی انٹرنیشنل، میسرزنم ٹریڈرزنے ایل ای ڈی لائٹس کے متعددکنسائمنٹس کی کلیئرنس کے وقت ڈیوٹی وٹیکسزکی ادائیگی نہ کرکے مجرمانہ عمل کے مرتکب ہوئے، تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر پوسٹ کلیئرنس آڈٹ گل رحمن کی ہدایت پر ڈپٹی کلکٹرساجدعلی بلوچ،اپریزنگ آفیسرفیض مدثراوراپریزنگ آفیسراظہرعباس پر مشتمل ٹیم نے کلیئرکئے جانے والے ایل ای ڈی لائٹس کے کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف کیاکہ مذکورہ درآمدکنندگان نے متعددکنسائمنٹس درآمد کئے جس میں ایل ای ڈی لائٹس،ایل ای ڈی لائٹس پینل،ایل ای ڈی فلوڈ لائٹس،ایل ای ڈی کلربلب،ایل ای ڈی بل، اورایل ای ڈی پینل شامل ہیں ۔دستاویزات کے مطابق درآمدکنندگان کی جانب سے کنسائمنٹس کی کلیئرنس کے لئے ایچ ایس کوڈ9405.1090کے تحت کرتے ہوئے ڈیوٹی وٹیکسز کی رعایت کا ناجائزفائدہ اٹھایاجبکہ مذکورہ ایچ ایس کوڈ کے ذریعے ڈیوٹی وٹیکسزکی رعایت صرف ایس ایم ڈی، ایل ای ڈی اوررینیوایبل انرجی کی پرموشن کے لئے ہے لہٰذاانکم ٹیکس آرڈینس کے تحت یہ رعایت صرف ری نیوایبل انرجی کی پروموشن تک محدودہے تاہم درآمدکنندگان کے اس عمل سے قومی خزانے کو مجموعی طورپر دوکروڑ33لاکھ روپے کا نقصان پہنچایاگیا،پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی ٹیم نے ڈیوٹی وٹیکسزکی چوری کی نشاندہی کے بعد مذکورہ درآمدکنندگان کو چوری کئے جانے والے رقوم کی ادائیگی کے لئے نوٹس جاری کئے تاہم درآمدکنندگان کی جانب سے موثرجواب نہ آنے کی صورت میں پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے مزید کارروائی کے لئے متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کو کنٹراونشن رپورٹ ارسال کردی۔