کسٹمزانٹیلی جنس کی کارروائی، 25کروڑسے زائد مالیت کے سونے کی اسمگلنگ بے نقاب
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کراچی نے 25کروڑسے زائد مالیت کے45.955کلوگرام سونے کی اسمگلنگ بے نقاب کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آردرج کرلی ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس ثمینہ تسنیم زہرہ کی ہدایت پر کسٹمزانٹیلی جنس کے شعبہ ریسرچ اینڈانالس میں تعینات افسران نے 2013میں درآمدکئے جانے والے سونے کے کنسائمنٹس کے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کی توانکشاف ہواکہ میسرزخرم انٹرپرائززنے اپریل تاجولائی 2013کے دوران 20کروڑ49لاکھ سے زائد مالیت کے 45.955کلوگرام خالص سونے کے چھ کنسائمنٹس انٹرسٹ منٹ اسکیم (Entrustment Scheme) کے تحت ایئرفریٹ یونٹ کراچی سے کلیئرکروائے گئے،واضح رہے کہ مذکورہ اسکیم کے تحت درآمدکئے جانے والے خالص سونے کی چوڑیاں اوردیگرزیورات تیارکرکے برآمدکئے جاتے ہیں تاہم درآمدکنندہ نے 45.955 کلوگرام درآمدتوکیالیکن برآمدنہیں کیابلکہ مقامی مارکیٹ میں فروخت کرکے قومی خزانے کوڈیوٹی وٹیکسزکی مدمیں 5کروڑ71لاکھ50ہزارکا نقصان بھی پہنچایا ۔ذرائع نے بتایاکہ تفتیش سے اس امرکا انکشاف ہواکہ درآمدکنندہ نے ٹی ڈیپ(TDAP) میں جعلی فارم ای اورردوبدل کی گئی گڈزڈ یکلریشن PAFE-SB-2279 اورPAFE-SB-3711جمع کروائیں جس میں ظاہرکیاگیاکہ اس کی جانب سے درآمدکیاجانے والا45.955کلوگرام سونے کے زیورات ایئرفریٹ یونٹ پشاورسے دوکنسائمنٹس دسمبر2013اورجنوری 2014میں مذکورہ گڈزڈیکلریشن کے ذریعے دبئی برآمدکردیئے گئے جبکہ کسٹمزانٹیلی جنس نے برآمدی گڈزڈیکلریشن کی جانچ پڑتال کی تواس امرکی تصدیق ہوئی کہ برآمدی گڈزڈیکلریشن PAFE-SB-2279کے ذریعے میسرزکاشف انٹرپرائززنے 775کلوگرام تازہ سبزی اور گڈزڈیکلریشن PAFE-SB-3711 کے تحت میسرزعابدین انٹرنیشنل نے 2850کلوگرام تازہ گوشت برآمدکیاتھا۔