زائد المیعاد بینک گارنٹی کی وجہ سے خزانے کو12کروڑکا نقصان
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ نے انکشاف کیا ہے کہ اپریزمنٹ ایسٹ کی نااہلی کی وجہ سے 12 کروڑ روپے سے زائد رقم قومی خزانے میں جمع نہ ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق ڈائریکٹر جنرل انٹرنل آڈٹ سرفراز احمد وڑائچ نے ہدایت جاری کی کہ بینک گارنٹی سیل کی جانچ پڑتال کی جائے جس پر ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ ظفر اختر کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹر نفیس احمد خان، سپرنٹنڈنٹ ایس اے جعفری، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ شیخ منصور نے بینک گارنٹی سیل کے ڈیٹا کی جانچ پڑتال کی جس پر انکشاف ہوا کہ امپورٹرز نے ایس آر او 450(I)2001 اور ایس آر او 327(I)2008 کے تحت سیکورٹیز جمع کروائی ہیں مگر یہ دو سال سے زائد میعاد ہونے کی وجہ سے وقت ضائع ہوگیا ہے۔ جبکہ کلکٹریٹ ایسٹ 12 کروڑ 29 لاکھ کی رقم امپورٹرز سے وصول کرنے میں ناکام رہا ہے۔ انٹرنل آڈٹ نے ایم سی سی اپریزمنٹ ایسٹ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس بارے میں تفصیلات فراہم کریں اور اس حوالے سے 12 کروڑ اور 29 لاکھ کی ریکوری اور جرمانے کی وصولی یقینی بنائیں۔