Eham Khabar
کسٹمز کے افسران کو دوہری شہریت ظاہر کرنے کا ایک اور موقع
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ان لینڈ ریونیو سروس اور پاکستان کسٹمز سروس کے 17 گریڈ اور اس سے اوپر کے افسران کو ایک بار پھر ہدایت کی ہے کہ جو دوہری شہریت رکھتے ہیں وہ فوری طور پر ادارے کو اس کے بارے میں معلومات فراہم کریں۔ بصورت دیگر ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ ایف بی آر نے تمام ان لینڈ ریونیو اور پاکستان کسٹمز کے ڈپارٹمنٹس کے سربراہوں کو خط ارسال کیا ہے اور کہا ہے کہ ایف بی آر اس سے پہلے 31 جنوری کو اس حوالے سے انتباہ جاری کیا تھا لیکن اب تک کئی ڈپارٹمنٹس نے اس پر کوئی جواب داخل نہیں کیا۔ ایف بی آر نے ڈپارٹمنٹس سربراہوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر کوئی ماتحت دوہری شہریت کا حامل نکلا تو ادارے کے سربراہ کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔ ایف بی آر اپنے افسران سے معلومات سپریم کورٹ کی ہدایت کی روشنی میں لے رہا ہے۔