ایس آراو1125کا غلط استعمال ،درآمدکنندہ پر جرمانہ عائد
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمزایڈجیوڈکیشن نے ایس آراو1125کے غلط استعمال کرنے پر درآمدکنندہ پر جرمانہ عائدکردیاہے۔دستاویزات کے مطابق میسرزاے اے اے انٹرنیشنل کی جانب فیبرک کے سات کنسائمنٹس درآمدکئے گئے جس کی کلیئرنس اپریزمنٹ ویسٹ کے کروائی گئی تھی تاہم درآمدکنندہ کی جانب سے پی سی ٹی کوغلط ظاہرکرکے ایس آراو1125کا ناجائزفائدہ اٹھاکرسات کنسائمنٹس کی کلیئرنس صفرفیصدسیلز ٹیکس کی سہولت پرکی گئی ۔دستاویزات کے مطابق مذکورہ ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے ڈیٹاکی جانچ پڑتال کے دوران اس امرکی نشاندہی کی گئی کہ میسرزٹیپل اے انٹرنیشنل کی جانب سے فیرک کے کنسائمنٹس غیرقانونی طورپر ایس آراو1125کا استعمال کرکے کلیئرکئے،ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے اس امرکاانکشاف کیاگیاکہ درآمدکنندہ کی جانب سے نان ووون فیرک کے کنسائمنٹس بے بی ڈائپرکی تیاری کے لئے درآمدکئے جبکہ فیرک کے مذکورہ کنسائمنٹس کوبی بی ڈائپرکے علاوہ دوسری مصنوعات کی تیاری کے استعمال میںلایاجاتاہے تاہم ڈائریکٹوریٹ آف پوسٹ کلیئرنس آڈٹ نے کنٹراونشن رپورٹ متعلقہ ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ کا ارسال کردی ۔ذرائع کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمزایڈجیوڈکیشن نے پوسٹ کلیئرنس آڈٹ کی جانب سے بنائی جانے والی رپورٹ کی مزید جانچ پڑتال کی تویہ بات ثابت ہوگئی کہ مذکورہ درآمدکنندہ کی جانب سے درآمدکئے جانے والے فیبرک کے کنسائمنٹس غیرقانونی طورپرایس آراو1125کا فائدہ اٹھاکرکلیئرکئے جس سے قومی خزانہ کو مجموعی طورپر ایک کروڑ11لاکھ 50ہزارروپے کا نقصان اٹھاناپڑا،ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ نے تمام حقائق کی روشنی میں درآمدکندہ پر پانچ لاکھ روپے کاجرمانہ عائدکرتے ہوئے چوری کئے جانے والے ایک کروڑ11لاکھ 50ہزار روپے کے ٹیکسزکی ادائیگی کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔