Exclusive Reports
ٹیکس فراڈ کی صورت میں کسٹمز ایجنٹس کے لائسنس کی تجدید نہیں ہوگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ ویسٹ نے کسٹمز ایجنٹس کے لائسنس کی تجدید کے لئے طریقہ کار جاری کردیا ہے جس کے تحت کسٹمز ایجنٹس کے خلاف کوئی ٹیکس فراڈ یا مجرمانہ کیس میں کسی بھی عدالت میں سزا نہ ہوئی ہو۔ اپریزمنٹ ویسٹ کا کہنا ہے کہ جن کسٹمز ایجنٹس کے لائسنس 31 دسمبر کو ایکسپائر ہونے والے ہیں ان کو دو ماہ پہلے تجدید کے لئے درخواست دینا لازمی ہے۔ اگر کوئی کسٹمز ایجنٹس درخواست وقت پر نہیں دیتا تو منسوخ ہونے کی صورت میں وہ اپنا کام جاری نہیں رکھ پائے گا۔ کسٹمز ایجنٹس کو درخواست میں یہ ثبوت دینا ہوگا کہ وہ کسی بھی ٹیکس فراڈ میں ملوث نہیں رہا جبکہ ان کو گڈز ڈیکلریشن کی تعداد بھی بتانا لازمی ہوگی۔ اس کے علاوہ اس کو لازمی ٹریننگ کورس کا سرٹیفکیٹ دینا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ شناختی کارڈ، پارٹنر کی تفصیلات بھی دینا لازمی ہے۔