ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے کنسائمنٹ میں چھالیہ کی اسمگلنگ
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پریونٹیونے ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے لئے درآمدکئے جانے والے کنسائمنٹ میں چھالیہ کی اسمگلنگ کو ناکام بناتے ہوئے درآمدکنندہ میسرزسن گراوئرکے خلاف ایف آئی آردرج کرلی ہے۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی کلکٹر محمد فیصل خان کو خفیہ اطلاع ملی کہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پر ایکسپورٹ پروسیسنگ زون کے کنسائمنٹ میں چھالیہ کی بڑی مقدار اسمگل کی جارہی ہے جس پر ڈپٹی کلکٹرمحمد فیصل خان نے پریونٹیو، پورٹ قاسم ایکسپورٹ اور اپریزمنٹ ویسٹ کے افسران کے ساتھ مشترکہ جانچ پڑتال کی تاہم کنٹینر کی ایگزامینیشن پر اس امر کا انکشاف ہوا کہ کنٹینر میں 27ٹن چھالیہ کی اسمگلنگ کی جارہی تھی جس کی مالیت ایک کروڑ سے زائد بتائی گئی ہے۔ذرئع کا کہنا ہے کہ محکمہ کسٹمز نے چھالیہ ضبط کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی میسرزسن گریوئراور میسرزپاک لائن شپنگ سروسزکی جانب سے پلاسٹک فلم رولزاورسیکنڈہینڈشوزکی آڑمیں چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کی گئی تھی جیسے ماڈل کسٹمزکلکٹریٹ پریونٹیوکے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کراچی انٹرنیشنل کنٹینرٹرمینل اورالحمدکنٹینرٹرمینل پر کارروائیاں کرتے ہوئے چھالیہ کے دوکنٹینرزکی اسمگلنگ ناکام بنائی۔