ڈاﺅلینس کمپنی کی جانب سے 2 کروڑ 27 لاکھ کی ڈیوٹی، ٹیکس چوری کئے جانے کا انکشاف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن نے پاکستان میں فریج بنانے والی سب سے بڑی کمپنی ڈاﺅلینس کی جانب سے 2کروڑ 27 لاکھ کی ڈیوٹی اور ٹیکس کی چوری پکڑ لی۔ کسٹمز انٹیلی جنس کا کہنا ہے کہ کمپنی نے پولی میٹک، ایم ڈی آئی کی درآمد پر 2 کروڑ 26 لاکھ 92 ہزار 937 روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکس کی چوری کی ہے۔ ڈائریکٹریٹ کے مطابق ریفرجریشن انڈسٹری کے کئی نامی امپورٹرز کی جانب سے اس چوری کے حوالے سے اطلاعات ملی تھیں جس کے بعد ان اشیاءکی درآمد پر نگرانی شروع کردی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امپورٹرز ریفریجریشن انڈسٹری کے خام مال پولی میٹک، ایم ڈی آئی جس پر ڈیوٹی 20 فیصد تک ہے، فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی آڑ میں زیرو فیصد پر اس کی کلیئرنس کروا رہے تھے۔ ڈائریکٹریٹ کی کڑی نگرانی اور کنسائمنٹ کی لیبارٹری ٹیسٹ کے بعد یہ بات ثابت ہوئی کہ میسرز ڈاﺅلینس نے اس پراڈکٹ کے 6 کنسائمنٹس منگوائے جس میں سے 4 اپریزمنٹ ویسٹ اور 2 اپریزمنٹ ایسٹ سے کلیئر ہوئے۔ ان کنسائمنٹس پر کی جانے والی ڈیوٹی کی چوری ان کے کلیئرنس ایجنٹ میسرز اومل سنز کارپوریشن اور میسرز ایچ آئی انٹرنیشنل بھی ملوث تھے۔ اب تک کی تحقیقات کے مطابق میسرز ڈاﺅلینس نے 2 کروڑ 26 لاکھ 92 ہزار 937 روپے کی ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کی ہے۔ اس سے پہلے 2017ءمیں بھی کسٹمز ایڈجیوڈیکشن نے ڈاﺅلینس کمپنی کو ایف ٹی اے کے غلط استعمال پر سزا سنائی تھی۔
Dawlance Involve in Tax Evasion