ان لینڈریونیوانفورسمنٹ کی کارروائی ،کروڑوں روپے مالیت کی اسمگل شدہ سگریٹ ضبط
کراچی(اسٹاف رپورٹر) ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ ایف بی آر نے جعلی سگریٹ کے خلاف کریک ڈوان کرتے ہوئے سائٹ کے علاقے میں واقع گودام چھاپہ مارکر8کروڑ روپے مالیت کے جعلی سگریٹس کے1290کاٹن برآمد کرلیے ہیں۔ ڈائریکٹر آئی اینڈ آئی ان لینڈ ریونیو کراچی عاصم افتخار نے بتایا کہ انفورسمنٹ نیٹ ورک ٹیم نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ اتنی بڑی مقدار میں ڈیوٹی ان پیڈ سگریٹس برآمدکیے ہیں، انہوں نے بتایاکہ چھاپہ مارٹیم نے مزکورہ 1290کے کاٹن کی قانونی دستاویزات طلب کیں لیکن گودام میں موجود ذمہ داران مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے میں ناکام رہے جس برآمدشدہ جعلی سگریٹ کا اسٹاک ضبط کرلیاگیاہے۔ انہوں نے بتایاکہ جعلی اوراسمگل شدہ سگریٹ سے قومی خزانہ کوایف ای ڈی کی مدمیں اربوں روپے نقصان پہنچایاجارہاہے آئی اینڈآئی کی جانب سے کی جانے والی کاروائی میں ضبط شدہ سیگریٹس پرفیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 3کروڑ56 لاکھ 64ہزارروپے جبکہ سیلزٹیکس کی مد میں 2کروڑ73لاکھ48ہزار روپے کی چوری کی گئی ہے۔انفورسمنٹ نیٹ ورک ان لینڈ ریونیو نے بے قاعدگی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ عاصم افتخار نے بتایاکہ ڈیوٹی وٹیکسز ان پیڈ اور جعلی سگریٹس کی سپلائی میں بڑے مافیاز کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے جو جعلی سگریٹس سپلائی کرکے کسٹم، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مدمیں اربوں کاریونیوچوری کررہے ہیں تاہم وزیر اعظم پاکستان اور چیئرپرسن ایف بی آر کی اس ضمن میں خصوصی ہدایات کے تحت ان لینڈ ریونیو انفورسمنٹ نیٹ ورک جعلی اور ڈیوٹی ان پیڈ سگریٹس کےخلاف موثرآپریشن جاری ہے۔