کسٹمزانٹیلی جنس کی کارروائی ،لاکھوں روپے کی چھالیہ ضبط، ملزمان فرار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس کراچی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لاکھوں روپے مالیت کی چھالیہ ضبط کرکے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے ہے جبکہ چھالیہ کی اسمگلنگ کرنے والے ملزمان فرارہونے میںکامیاب ہوگئے۔ذرائع نے بتایاکہ ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس کی ہدایت پر اسمگلنگ کے خلاف کارروائیوں کاسلسلہ تیزکردیاگیاہے ، کسٹمزانٹیلی جنس کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کو خفیہ اطلاع ملی کہ چھالیہ کی بڑی مقداراسمگل کرکے کراچی کے مختلف علاقوں میں منتقل کی جارہی ہے جس پر کسٹمزانٹیلی جنس کی چھاپہ مارٹیم نے کریم آبادکے علاقے کی سخت نگرانی شروع کی اورایک مشکوک ہینوٹرک کو روک کراس کی جانچ پڑتال کی توانکشاف ہواکہ ٹرک میں چھالیہ کے 410تھیلے موجودہیںاوران تھیلوں سے ایک کروڑ96ہزارمالیت کی 12620کلوگرام چھالیہ برآمدہوئی۔ذرائع نے مزید بتایاکہ کسٹمزانٹیلی جنس نے چھالیہ ضبط کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیاہے لیکن ملزمان فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔