کسٹمزانٹیلی جنس میں ڈیزل کی چوری اورغیرقانونی نیلامی کی کوشش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کراچی کی جانب سے ڈیزل کی غیرقانونی نیلامی کوسندھ ہائیکورٹ کے حکم امنتاع کے بعد روک دیاگیا۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈایوسٹی گیشن کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی جانب سے 6جون2021کو بلوچستان سے کراچی آنے والے آئل ٹینکرکو روک کراس میں موجود57700لیٹرایرانی ڈیزل ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاگیاتھا ۔بعد ازاں انٹیلی جنس آفیسرکی جانب سے اس کی انسیڈنٹ رپورٹ تیارکی گئی جس میں ٹینکرمیں 57700لیٹرایرانی ڈیزل کی موجودگی ظاہرکی گئی تھی انسیڈنٹ رپورٹ میں کہاگیاکہ انٹیلی جنس آفس کے باہر کھڑے ٹینکرسے روزانہ کی بنیادپر ڈیزل کی چوری کی جارہی ہے اورگاڑیوںکو بھی نقصان پہنچایاجارہاہے جس کے لئے محکمہ کی جانب سے فوری طورپراقدامات اٹھائے جائیں جس پرڈائریکٹرخلیل یوسفانی نے ڈپٹی ڈائریکٹرنوشین ریاض کو انکوائری آفیسرتعینات کیاجنہوں نے تمام معاملے کی جانچ پڑتال کی اور سیکورٹی عملے سے پوچھ گچھ کی گئی تاہم سیکورٹی عملےکی جانب سے دیئے گئے جواب میں کہاگیاکہ ایساکوئی واقعہ پیش نہیں اوراگرایساکوئی واقعہ پیش آیاہے توٹینکروں میں موجودڈیزل کی مقدارکو چیک کروایاجائے جس سے تمام ترحقیقت سامنے آجائے گی۔ذرائع نے بتایاکہ ابھی ڈیزل چوری ہونے کی تحقیقات ایڈجیوڈکیشن کلکٹریٹ میں چل رہی تھی اس دوران بغیرآڈران اورجنل (اواین او) محکمہ نے جلدبازی میں ڈیزل کی نیلامی کے احکامات جاری کردیئے ۔جس پر سیکورٹی انچارج کی جانب سے ٹینکروں میں موجودڈیزل کی مقدارکا تعین کرنے پر زوردیاگیاتاہم ضبط کئے جانےوالے ڈیزل کی جانچ پڑتال کی گئی توٹینکروں سے 57700لیٹرڈیزل کے بجائے 72ہزارلیٹرڈیزل برآمد ہواجبکہ پہلی انسیڈنٹ رپورٹ میں ڈیزل کی چوری کا الزام عائد کیا گیا تھا لیکن آئل ٹینکروں میں ڈیزل کم ہونے کے بجائے 14300لیٹرزیادہ ڈیزل برآمد ہوا۔دستاویزات کے مطابق سیکورٹی انچارج کی جانب سے بنائی جانے والی دوسری انسیڈنٹ رپورٹ میں ڈیزل کی مقدار 72 ہزار لیٹر ظاہرکی گئی ہے جبکہ پہلی انسیڈنٹ رپورٹ میں ڈیزل کی مقدار57700 لیٹر ظاہر کی گئی تھی اوریہی وجہ سے کہ ضبط کئے جانے والے ڈیزل کی نیلامی جلدبازی میں کی جارہی تھی ۔ذرائع نے بتایاکہ ٹینکروں سے57700لیٹرڈیزل کے بجائے 72ہزارلیٹربرآمدہواجبکہ خریدارنے 57700لیٹرڈیزل کی رقم جمع کروائی تھی اور باقی ماندہ 14300 لیٹرڈیزل غیرقانونی طریقے خردبردکیاجارہاتھا ،دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے ڈیزل کی نیلامی پر حکم امتناع بھی حاصل کرلیاگیاہے جس کے بعد نیلام کئےجانے والے ڈیزل کی ڈیلیوری روک دی گئی ہے ۔ اس سلسلے میں ڈپٹی ڈائریکٹرہیڈکواٹراینڈایڈمن توصیف امان گورچانی رابطہ کیاگیالیکن انہوں نے کال اٹینڈنہیں کی۔