کسٹمزانفورسمنٹ کراچی کااسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاﺅن آپریشن
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمزانفورسمنٹ کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نےاسمگل کی جانے والی مختلف برانڈکی اشیاءضبط کرکے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمزانفورسمنٹ کراچی میں چیف کلکٹریعقوب ماکوکو خفیہ اطلاع ملی کہ بھاری مقدارمیں مختلف برانڈکی اشیاءکی اسمگلنگ کی کوشش کی جارہی ہے جس پر چیف کلکٹرکی جانب سے کلکٹرعثمان باجوہ کو فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کی گئیں جس کے لئے ایڈیشنل کلکٹرمحمدفیصل اوردیگر افسران واہلکاروں پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی جس نے خفیہ اطلاع کے مطابق گاڑیوں کی چیکنگ کا سلسلہ شروع کیاتاہم ہمدردچیک پوسٹ پر ایک ٹرک کو روک کراس پر لدے 40فٹ کنٹینرکی جانچ پڑتال کی گئی اورٹرک ڈرائیورسے کنٹینرمیں موجودغیرملکی کھیلونے،پلاسٹک بیگ،ٹائرز،چوکلیٹس سمیت دیگراشیاءکے درآمدی دستاویزات طلب کرنے پر ڈرائیوردستاویزات مہیانہیں کرسکاجس پر محکمہ کسٹمزنے اسمگل شدہ سامان ضبط کرکے ملزمان کے خلاف کارروائی کا آغازکردیاہے ۔واضح رہے کہ ایڈیشنل کلکٹرمحمدفیصل کے انفورسمنٹ میں تعینات ہونے کے بعد سے اسمگلروں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں اضافہ ہوگیاہے جس پر اسمگلروں کی ایک مخصوص ٹیم ایڈیشنل کلکٹرمحمدفیصل کو ان کے عہدے سے ہٹانے کے لئے ان پر مختلف الزامات لگائے جارہے ہیں تاکہ ان کے ہٹنے کے بعد اسمگلروں کے سامان پر کوئی ہاتھ نہ ڈالے اوراسمگلنگ کا کاروبارآسانی سے ہوتارہے۔