ایف بی آربڑے ٹیکس پیئرز کی تفصیلات آئی ایم ایف کو دےگا
ایف بی آربڑے ٹیکس پیئرز کی تفصیلات آئی ایم ایف کو دےگاکراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو حال ہی میں ہونے والے آئی ایم ایف معاہدہ میں پابند کیا گیا ہے کہ وہ پاکستان کے بڑے ٹیکس دہندگان کی تفصیلات عالمی ادارے کو فراہم کرے گا۔ آئی ایم ایف کی جانب سے جاری کردہ پاکستان پر کنٹری رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایف بی آر ٹیکس وصولی اور ٹیکس پیئرز کی مخصوص تفصیلات آئی ایم ایف کو فراہم کرنے کا پابند ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق شیئرز کئے جانے والے ڈیٹا میں ٹیکس پیئرز کی تعداد اور لارج ٹیکس پیئرز آفس کے زیر انتظام ٹیکس کی رقم سہ ماہی بنیادوں پر فراہم کئے جائیں گے۔ ایف بی آر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ٹیکس ایڈمنسٹریشن اور کسٹمز انتظامیہ کی طرف سے جمع کئے جانے و الے کل محصولات کے بارے میں الگ الگ معلومات فراہم کرے گا، جس میں انفرادی ٹیکس اور اے او پی ایس سے حاصل ہونے والی آمدنی بھی شامل ہے۔ مزید یہ کہ ایف بی آر ٹیکس کے ایررز کی تفصیلات آئی ایم ایف کو ماہانہ بنیادوں پر فراہم کرے گا۔ آئی ایم ایف تمام ٹیکس ریفنڈز کلیم کی معلومات حاصل کرے گا جن کی ادائیگی کرنا باقی ہے۔ ایف بی آر کے زمرے میں جی ایس ٹی، انکم ٹیکس، کسٹم ڈیوٹی شامل ہیں، ان کی علیحدہ تفصیلات فراہم کرے گا۔