پی آئی سی ٹی پر کنسائمنٹس کی نیلامی میں بے قاعدگیوں کا انکشاف
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پی آئی سی ٹی (کراچی گیٹ وے ٹرمینل) پر ہفتہ وارہونے والی کنسائمنٹس کی نیلامی میں بے قاعدگیوں کا انکشاف ہواہے، تفصیلا ت کے مطابق ٹرمینل پر تعینات کسٹمزافسران ہفتہ وارنیلامی میں محکمہ کسٹمزکی جانب سے متعین کی جانے والی نیلامی کی قیمت سے انتہائی کم قیمت پر کنسائمنٹس کی نیلامی کے واقعات رونماہورہے ہیں اورکسٹمزافسران کی جانب سے اپنے من پسندافرادکو کنسائمنٹس کی نیلامی کم قیمت پر کرکے مالی فائدہ پہنچایاجارہاہے جس سے بیٹرزمیں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ذرائع نے بتایاکہ 20دسمبر2023کوہونے والی نیلامی میں فائل نمبرپی48اکتوبر2021کو بٹ نہ آنے کے باعث منسوخ کردیاگیاتھالیکن وہاں موجودکسٹمزآفیسرنے بیٹرزکی بڑی تعدادکے جانے کے بعداپنے من پسندچندبیٹرزکی موجودگی ظاہرکرکے مذکورہ فائل کی نیلامی 2کروڑ 50لاکھ روپے میں کردی جبکہ اس سے قبل کنسائمنٹ کے مالک نے اسکی نیلامی کی بولی2کروڑ78لاکھ روپے لگائی تھی لیکن اسسٹنٹ کلکٹرکی جانب سے 2کروڑ78لاکھ کی بولی کو فوری طورپر منسوخ کردیاتھا کیونکہ مذکورہ کنسائمنٹ اسسٹنٹ کلکٹرکے من پسند افرادنہیں خریدپائے تھے۔علاوہ ازیں کنسائمنٹ کے ایک اورخریدارامانت علی کی جانب سے 10فیصدبڑھاکرکنسائمنٹ خریدنے کی آفرکی گئی لیکن کسٹمزآفیسرنے امانت علی جانب سے دی جانے والی آفرکو نظراندازکرکے اپنے من پسند بیٹرکو کنسائمنٹ نیلام کردیا۔واضح رہے کہ اس سے قبل 11اکتوبر2023 کوٹرمینل پرہونے والی نیلامی کے دوران فائل نمبرپی48اکتوبر2021 لسٹ میں شامل نہ ہونے کے باوجودکسٹمزآفیسر کی جانب سے خاص طورپرمنگواکراپنے من پسندبیٹرکاشف اوراس کے ساتھیوں کو 50 فیصد سے کم 2کروڑ30لاکھ روپے میں نیلام کردی گئی تھی جبکہ مذکورہ فائل کی کی پہلی نیلامی کی بولی 3کروڑ48لاکھ روپے لگی تھی جو کسٹمزآفیسرکی جانب سے منسوخ کردی گئی تھی، محکمہ کسٹمزکی جانب سے مذکورہ فائل کی نیلامی کی قیمت 4کروڑ78لاکھ روپے متعین کی گئی تھی۔ان تمام عوامل سے اس امرکی نشاندہی ہوتی ہے کہ مذکورہ افسران کی جانب سے مبینہ طورپر بھاری رقوم کے عوض مذکورہ فائل کی نیلامی کی گئی۔اس سلسلے میں کلکٹراپریزمنٹ ایسٹ جمیل بلوچ اورایڈیشنل کلکٹرعمران احمد سے درخواست ہے کہ مذکورہ کنسائمنٹ کی نیلامی کی جانچ پڑتال کریں۔