سمنٹ اورکرش اسٹون کی آڑمیں چھالیہ کی اسمگلنگ ناکام
کراچی(اسٹاف رپورٹر)انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کامیاب کارروائی کے دوران سمنٹ اورکریش اسٹون کی آڑمیں کی جانے والی مضرصحت چھالیہ کی اسمگلنگ نام بناتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ بلوچستان سے سیمنٹ اور کرش اسٹون کی آڑ میں مضر صحت اسمگل چھالیہ کراچی اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی اس اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کے ڈپٹی کلکٹر محمد رضا نقوی نے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کو اس ممکنہ اسمگلنگ کو ناکام بنانے کی ہدایت جاری کیں
اور خصوصی طور پراینٹی ا سکواڈ کی چیک پوسٹس پر تعینات عملے کو پہلے سے زیادہ مستعد رہنے اور بلوچستان سے آنے والے سیمنٹ اور کرش اسٹون کے ٹرک اور ٹرالر کی مکمل تلاشی کے احکامات دئے گئے، گزشتہ روز ہمدرد چیک پوسٹ پر تعینات اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ کی ٹیم نے بلوچستان سے آنے والے ٹرالراورٹرک جوسیمنٹ بیگ اور کرش اسٹون سے لدے ہوئے تھے ان کوروک کرتلاشی لی گئی توٹرک اورٹرالرسے ایک کروڑ مالیت کی مضرصحت آٹھ ہزارکلوگرام چھالیہ برآمدہوئی ،برآمد شدہ چھالیہ کو سیمنٹ بیگز کے درمیان اور کرش اسٹون کے نیچے چھپایا گیا تھا ،مضرصحت چھالیہ اور اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں کوتحویل میں لیکر ضبط کر لیا گیا ہے جبکہ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے ضبط شدہ چھالیہ اور ٹرالرز کو اے ایس او انفورسمنٹ کے گودام منتقل کردیا گیا ہے۔