پورٹ قاسم ،بیگیج کے کنسائمنٹس کے ذریعے 26ٹن چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش
کراچی(اسٹاف رپورٹر)پورٹ قاسم کلکٹریٹ پربیگیج کے درآمدی کنسائمنٹس سے 26ٹن چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے ملزمان میں شامل شاہدمحموداورآصف کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغازکردیاگیاہے۔ذرائع کے مطابق مذکورہ ملزمان کی جانب سے بیگیج کے دوکنسائمنٹس سعودی عرب سے درآمدکئے گئے جس میں گھریلواستعمال شدہ اشیاکے بجائے26ٹن چھالیہ اسمگل کی جارہی تھی۔ذرائع کے مطابق شاہد محموداورآصف نے بیگیج کے دوکنسائمنٹس درآمدکئے جس کی کلیئرنس کے لئے گڈزڈیکلریشن فائل نہیں کی گئی تاہم مقررہ وقت گزرنے کے بعد پورٹ قاسم پر تعینات افسران کی جانب سے مذکورہ درآمدکنندہ سے مکتوب کے ذریعے رابطہ کیاگیالیکن ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں جس پر کسٹمزقوانین کے تحت مذکورہ کنسائمنٹس کو نیلامی کےلئے آکشن کی جگہ پر منتقل کر دیا۔ذرائع نے بتایاکہ کنسائمنٹس کی جانچ پڑتال کے دوران انکشاف ہوکہ کنسائمنٹس میں گھریلو استعمال شدہ اشیاءمیں شامل واٹرڈسپنسر،جوتے،میٹرس،کرسیاں،بچوںکے بیڈ،ڈریسنگ ٹیبل، ایکسرسائزمشین، ٹریڈمیل،گاڑیوں کے وائپرز،پیمپر،کمبل،لکٹری کے پینل،واشنگ مشین اورصوفہ سیٹ کے ساتھ ساتھ تین کروڑ14لاکھ90ہزارمالیت کی 26ٹن سے زائد چھالیہ اسمگل کی جارہی تھی جیسے قبضے میں لے کرملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔