کسٹمز کورٹ نے ایران سے آنے والے دھنیا کے کنسائمنٹس کو ریلیز کرنے کے احکامات دیدیئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر) کسٹمز اسپیشل کورٹ نے امپورٹر کی درخواست پر کسٹمز حکام کی جانب سے ضبط کئے گئے دھنیا (خشک دھنیا) کے کنسائمنٹ کو فوری طور پر ریلیز کا حکم دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کسٹمز پریونٹیو کے افسران نے تافتان ایران سے آنے والے دھنیا کے کنسائمنٹ کو آر سی ڈی ہائی وے پر 30 دسمبر 2019ءکو روکا۔ تحقیقات پر دھنیا کے کنسائمنٹ کی تصدیق ہوگئی۔ لیکن ڈرائیور کے کیبن میں کچھ مشتبہ سامان پایا گیا جوکہ مبینہ طور پر کسٹمز حکام نے اس کو ہیروئن اور چرس قرار دیا۔ کسٹمز حکام کا کہنا ہے کہ اس مشتبہ سامان کو رینجرز کی موجودگی میں چیک کیا گیا۔ جبکہ درخواست گزار شاہد شاہد مرزا کے وکیل صدیق ضیاءاور انیل ضیاءکی جانب سے ٹھوس دلائل پیش کئے گئے جس میں عدالت کو بتایا گیا کہ دھنیا کے 1000 بیگ ایران سے درآمد کئے گئے جس کو قانونی طریقہ سے جی ڈی فائل کرکے کسٹمز سے کلیئر کروایا۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ امپورٹر کا ممنوعہ اشیاءسے کوئی لینا دینا نہیں ہے جبکہ مبینہ ممنوعہ اشیاءڈرائیور کے کیبن میں پایا گیا۔ عدالت نے دونوں جانب کے بیانات سننے کے بعد کنسائمنٹس کو ریلیز کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔