انفورسمنٹ کلکٹریٹ کی کارروائی ، ایرانی ڈیزل اورچھالیہ کی اسمگلنگ ناکام
کراچی (اسٹاف رپورٹر)انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دوکروڑسے زائد مالیت کاایرنی ڈیزل اورچھالیہ ضبط کرتے ہوئے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغازکردیاہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی صاحب کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ ممکنہ طور پر بلوچستان سے کراچی اور اندرون ملک ایرانی ڈیزل اور اسمگلڈ شدہ مضر صحت چھالیہ اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی ۔ذرائع کے مطابق اس ممکنہ اسمگلنگ کو ناکام بنانے کے لئے کلکٹر باسط مقصود عباسی نے ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ محمد رضا نقوی کو خصوصی ہدایات اور احکامات جاری کئے جن کی روشنی بلوچستان سے آنے والی بسوں ،ٹرک ٹرالرز اور ڈمپروں کی خصوصی نگرانی اورآرسی ڈی ہائی وے سے متصل کچے علاقوں میں اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کے پٹرولنگ اسٹاف کے گشت میں اضافہ کیا اور مشکوک گاڑیوں اور ٹرکس اور ڈمپروں کی تلاشی لی گئی،تاہم گزشتہ رات کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی نادرن بائی پاس پر قائم ہمدرد چوک پوائنٹ پر تعینات کسٹمز کے عملہ نے بلوچستان سے آنے والے ہینو ڈمپر ٹرک،اور مزدا ٹرک کو روک کر اسکی تلاشی لی جس کے نتیجہ میں ڈمپر سے 5500 لٹر اسمگل ایرانی ڈیزل اور مزدا ٹرک سے پانچ ہزارکلو گرام چھالیہ برآمد ہوئی ،ذرائع بے بتایاکہ برآمد شدہ ڈیزل اور ٹراسپورٹیشن میں استعمال ڈمپر کی مالیت ایک کروڑ50لاکھ روپے بتائی گئی ہے جبکہ برآمد شدہ چھالیہ اور ٹراسپورٹیشن میں استعمال مزدا ٹرک کی کل مالیت 75لاکھ روپے بتائی گئی ہے برآمد شدہ ڈیزل اور چھالیہ کو کسٹم ایکٹ 1969 کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں گزشتہ آٹھ دنوں میں اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے مختلف کارراوایوں میں 25ہزار لٹر اسمگل ایرانی ڈیزل،پانچ ہزار 700کلو گرام اسمگل شدہ مضر صحت چھالیہ اور متفرق الیکٹرونکس اشیاءجن کی کی کل مالیت چارکروڑ40لاکھ روپے ہے۔اس کے علاوہ کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ، کراچی نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کراچی شہر کے مختلف علاقوں سے نان کسٹم پیڈ 17 گاڑیوں کو قبضہ میں لے کر ضبط کیا ھے جن کی کل مالیت چھ کروڑ چالیس لاکھ روپے ہے۔ذرائع کے مطابق کلکٹریٹ انفورسمنٹ نے مجموعی طورپر13کروڑ50لاکھ روپے مالیت کی اشیاءضبط کیں۔اس سلسلے میں کلکٹر آف کسٹمز انفورسمنٹ باسط مقصود عباسی نے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی انسداد اسمگلنگ کی کوششوں کو سراہا اور مستقل بنیادوں پر انسداد اسمگلنگ کی کاراوایاں جاری رکھنے کا اعادہ کیاہے