کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اور ممنوعہ انجکشن ضبط کرلیئے
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے بلوچستان سے ممنوعہ انجکشن اورمنشیات کی اسمگلنگ ناکام بناتے ہوئے ملزمان کو گرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔ذرائع کے مطابق کلکٹرباسط مقصود عباسی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ گوادر سے بھاری مقدار میں غیر ملکی ممنوعہ انجکشن اور منشیات اسمگل کرنے کی کوشش کی جائیگی اس اطلاع کے ملنے پر کلکٹر باسط مقصود عباسی نے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ امان اللہ ترین کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں جس پر امان اللہ ترین نے اسسٹنٹ کلکٹر انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ امان صادق کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بلوچستان سے کراچی آنے والی بسوں، ٹرالرز، اور ٹرکوں کی خصوصی نگرانی کی اورآرسی ڈی ہائی وے پر مختلف جگہوں پر سادہ لباس میں اہلکار تعینات کئے گئے اور موچکہ چیک پوسٹ پر تعینات عملے کو بھی خصوصی احکامات جاری کئے جس پرموچکو چیک پوسٹ پر تعینات عملے نے گوادر سے آنے والی مسافر کو روک کر تفصیلی جانچ پڑتال کی جس کے نتیجہ میں بس میں بنائے گئے خصوصی خفیہ خانہ ظاہر ہوئے ان خفیہ خانوں سے 2200 ممنوعہ بوسٹن انجکشن جن کی مالیت ایک کروڑ10لاکھ اور 14.85کلو گرام منشیات برآمدہوئی جس کی مالیت دو کروڑ71 لاکھ روپے بتائی گئی ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی بس کی مالیت2کروڑروپے ہے،محکمہ کسٹمزنے تین ملزمان کو گرفتار کرکے کسٹمز ایکٹ 1969اورسی این ایس 1997 کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے