کسٹمزانفورسمنٹ کراچی نے کروڑوں روپے مالیت کی ایرانی کراکری اورچھالیہ ضبط کرلی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کسٹمزانفورسمنٹ کراچی نے سائٹ ایریااورکورنگی انڈسٹریل ایریامیں کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی ایرانی ساختہ کراکری اوراسمگل چھالیہ ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق حکومت پاکستان کی اسمگلنگ کے خلاف سخت پالیسی کے پیش نظر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے فعال نیٹ ورک اور کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ باسط مقصود عباسی کی ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ محمد رضا نقوی کو دی گئی ہدایات کی روشنی میں روزانہ کی بنیاد پر شہر بھر میں انسداد اسمگلنگ کے لئے بھرپور کارروائیوں کا تسلسل جاری ہے،اس سلسلے میں کسٹمز انفورسمنٹ کراچی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کو ملنے والی خفیہ اطلاع پر انفورسمنٹ کلکٹریٹ کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے سائٹ ایریا نورس چورنگی کے قریب قائم گودام پر کامیاب چھاپہ مارکر 18 ٹن اسمگل شدہ ایرانی ساختہ کراکری تحویل میں لے لی ہیں،ضبط شدہ کراکری کی کل مالیت 3 کروڑ روپے ہے ضبط کی گئی۔ کسٹمزذرائع کا کہناہے ایرانی ساختہ کراکری کو 10 مزدا ٹرکس میں لوڈ کر کے اے ایس او انفورسمنٹ کے گودام منتقل کردیا گیا ہے ،جب کہ ایک اورکارروائی میںکلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ اسکواڈ نے کورنگی انڈسٹریل ایریا کے قریب قائم گودام پر چھاپہ مارکارروائی میں چالیس لاکھ روپے مالیت کی تین ہزارکلوگرام چھالیہ ضبط کی ہے۔ ضبط شدہ چھالیہ کو انفورسمنٹ کے گودام منتقل کردیا گیا ہے جبکہ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے مزید کارروائی اور تفتیش کی جارہی ہے۔