کسٹمزانفورسمنٹ کراچی، کروڑوں روپے کے اسمگل شدہ سگریٹ ضبط
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کلکٹریٹ آف کسٹمزانفورسمنٹ کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کراچی نے مسافربس کے ذریعے اسمگل کی جانے والے کروڑوں روپے مالیت کے غیرملکی سگریٹ ضبط کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کے اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے غیر ملکی سگریٹ اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ،ذرائع کے مطابق کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی باسط مقصود عباسی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ کوئٹہ سے بھاری مقدار میں غیر ملکی سگریٹ اسمگل کی جائیگی ،اسمگلنگ کی اطلاع موصول ہونے پر کلکٹر باسط مقصود عباسی کی جانب سے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ امان اللہ ترین کو اس سلسلے میں ہدایات جاری کیں جس پر امان اللہ ترین نے اسسٹنٹ کلکٹر انفورسمنٹ اینٹی اسمگلنگ امان صادق کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی جس نے بلوچستان سے کراچی آنے والی بسوں، ٹرالرز، اور ٹرکوں کی خصوصی نگرانی کی اورآرسی ڈی ہائی وے پر مختلف جگہوں پر سادہ لباس میں اہلکار تعینات کئے گئے اور موچکہ چیک پوسٹ پر تعینات عملے کو بھی خصوصی احکامات جاری کئے تاہم گزشتہ شام موچکو چیک پوسٹ پر تعینات عملے نے کوئٹہ سے آنے والی بس پراے ایف آر 2023 کی نمبر پلیٹ لگی ہوئی تھی کو روک کر تفصیلی جانچ پڑتال کی جس کے نتیجہ میں بس میں بنائے گئے خصوصی خفیہ خانہ ظاہرہوئے ان خفیہ خانوں اور بس سے غیر ملکی برانڈ کے 22540 سگریٹ کے پیکٹ ،انڈین گٹکا کے59600 پاﺅچ، دوہزارکلوگرما مضر صحت چھالیہ،انڈین نسوار کے 2600 پاﺅچ برآمدہوئے جن کی کل مالیت 4 کروڑ 15 لاکھ 53 ہزار روپے بتائی گئی ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی بس کی مالیت ایک کروڑ روپے ہے،محکمہ کسٹمزنے 2 افراد کو گرفتارکرکے ان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرلیاہے ۔