ملتان آئی اینڈ آئی کی کارروائیاں : 52 کروڑ سے زائد مالیت کا سامان ضبط کیا
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن ملتان نے اکتوبر 2020ءمیں اینٹی اسمگلنگ کارروائیوں میں 52 کروڑ 20 لاکھ کا غیر قانونی سامان ضبط کیا۔ ڈائریکٹریٹ کے مطابق اکتوبر 2020ءمیں ضبط کئے جانے والے سامان کی مالیت اکتوبر 2019ءسے 162 فیصد زائدہے جبکہ موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی ۔ اکتوبر) 2020ءمیں اینٹی اسمگلنگ کی کارروائیوں میں ایک ارب 61 کروڑ مالیت کا سامان ضبط کیا۔ موجودہ مالی سال کے چار ماہ میں ضبط کئے جانے والا سامان گزشتہ مالی سال کے اسی مدت سے 212 فیصد زائد ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹرجنرل کسٹمزانٹیلی جنس عبدالرشید شیخ کی ہدایت پر ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس ملتان عثمان باجوہ نے اسمگلنگ کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے ایڈیشنل ڈائریکٹرکی سربراہی میںاسسٹنٹ ڈائریکٹرعبدالقیوم پرمشتمل چھاپہ مارٹیم کی تشکیل کی گئی جس نے موجودہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں 24 کروڑ 20 لاکھ کے محصولات اکھٹے کئے جوکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں 284 فیصد زائد ہے۔ ڈائریکٹریٹ نے موجودہ مالی سال کے چار ماہ میں ایک ارب 92 کروڑ مالیت کے کنٹراونشن رپورٹ بنائی جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی مدت میں کوئی بھی کنٹراونشن رپورٹ نہیں بنائی گئی تھی۔