کسٹمزانٹیلی جنس کراچی چار ارب سے زائدمالیت کے آٹوپارٹس اوردیگرسامان ضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس کراچی کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے اسمگلنگ کے خلاف حالیہ پیشرفت میں ڈیڑھ ارب روپے مالیت کے آٹوپارٹس ضبط کرلئے ہیں اس سلسلے میں ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس کراچی انجیبئرحبیب احمد نے میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے بتایا کہ مزکورہ کارروائی ڈائریکٹر جنرل فیض احمد چدھڑ کوموصول ہونے والی خفیہ اطلاع پرکی گئی،ڈی جی فیض احمد چدھڑ کی جانب ڈائریکٹر انجینئر حبیب اور ایڈیشنل ڈائریکٹر افضال وٹو کو سائٹ ایریا کے ایک گودام میں اسمگل شدہ اسپارک پلگ اور اسپیئر پارٹس کے کافی ذخیرہ کے بارے میں معتبر معلومات فراہم کیں۔جس پر
فوری کارروائی کرتے ہوئے ڈپٹی ڈائریکٹر واصف ملک نے سپرنٹنڈنٹ ارشاد شاہ اور انٹیلی جنس آفیسر اسد شبیر کی قیادت میں ایک ٹیم تشکیل دی۔ انہوں نے بتایاکہ کسٹمز انٹیلی جنس کے عملے کی خفیہ نگرانی نے ہدف کے علاقے کی نشاندہی کی، جس کے نتیجے میں گودام کی تصدیق ہوئی اور11 نومبر کی شام کو، کسٹمز انٹیلی جنس کے ڈپٹی ڈائریکٹر اور سپرنٹنڈنٹ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن، کراچی پر مشتمل ایک ٹیم نے شناخت شدہ احاطے پر چھاپہ مارا۔ اس آپریشن کے نتیجے میں اسمگل شدہ اسپارک پلگ اور جاپانی ساختہ دیگر آٹو پارٹس کی ایک بڑی مقدار دریافت ہوئی، جس کی مارکیٹ کی قیمت تقریباً ایک ارب 50کروڑ روپے ہے۔انہوں نے مزیدبتایاکہ اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے، اور جاری تحقیقات کا مقصد اسمگلنگ کے اس وسیع آپریشن کے ماسٹر مائنڈز، فنانسرز اور عمل درآمد کرنے والوں کو بے نقاب کرنا ہے۔انجینئرحبیب احمدکاکہناہے کہ
یہ انکشاف 31 ستمبر 2023 کو ہونے والے پچھلے چھاپے کے بعد سامنے آیا ہے، جہاں چینی نژاد اسمگل شدہ اسپارک پلگ کی کافی مقدارڈی ایچ اے کراچی کے فیز ون میں ایک گودام سے برآمدہوئی جس کی مالیت 16کروڑ90لاکھ ملین روپے تھی۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹوریٹ نے کراچی کے صدر ایریا میں مختلف مقامات پر کی گئی دو کارروائیوں میں کامیابی کے ساتھ غیر ملکی اسمگل شدہ سگریٹ کی 20 لاکھ سے زائد پیکٹ، متفرق سامان سمیت ضبط کیں، جن کی تخمینہ مالیت 10کروڑروپے ہے۔
ڈائریکٹر جنرل جناب فیض احمد چدھڑ نے کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے افسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ خطے میں اسمگلنگ کی سرگرمیوں کو روکنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کریں۔ صرف نومبر 2023 کے مہینے میں، ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس، کراچی نے 25 کیسز کیے ہیں، جن کی مالیت 2ارب4کروڑ50لاکھ روپے ہے جبکہ گزشتہ پانچ مہینوں کے دوران 153کارروائیوں میں 4ارب 54کروڑ90لاکھ روپے مالیت کی اسمگل اشیاء ضبط کی گئیں ہیں ۔ ڈائریکٹوریٹ نے پاکستان رینجرز، سندھ اور سندھ پولیس کی اسمگلنگ کی لعنت سے نمٹنے کے لیے مشترکہ کوششوں میں اہم تعاون کا شکریہ ادا کیا۔