کسٹمزانٹیلی جنس کراچی کی بڑی کارروائی,9کروڑمالیت کے الیکٹرک سگریٹ(ویپس) ضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 9کروڑسے زائدمالیت کے الیکٹرک لائٹر ویپ ضبط کرتے ہوئے ملزمان۔کوگرفتارکرکے مقدمہ درج کرلیاہے۔انٹیلی جنس حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد نے شاہراہ فیصل، کراچی میں واقع ایک عمارت میں اسمگل شدہ ویپس کی بھاری مقدار کی موجودگی کے حوالے سے مصدقہ اطلاعات دیں۔ اس کی تعاقب میں، ڈائریکٹر کسٹمز انٹیلی جنس انجینئرحبیب کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈائریکٹر افضل وٹو کی سربراہی میں ڈپٹی ڈائریکٹرانعام اللہ وزیراور دیگر افسران واہلکاروں پرمشتمل ٹیم کی جانب سے فوری کارروائی کی گئی اور 11 جولائی 2023 کو انسداد اسمگلنگ ٹیم نے عمارت پر چھاپہ مارا۔ اس کے نتیجے میں عمارت سے تقریباً 20,088 مختلف اسمگل شدہ ویپس کے ٹکڑے، 1,378 کلوگرام ویپس کے لوازمات اور 578 لیٹرویپ کے فلیور کو برآمد کیا گیا جس کی مالیت 9 کروڑروپے بتائی گئی ہے۔ ذرائع کاکہناہے کہ عمارت میں موجودمالک پکڑے جانے والے سامان کی قانونی درآمد کو ظاہر کرنے والی کوئی دستاویز پیش نہیں کرسکا جس کے مطابق انہیں گرفتار کرلیا گیا۔ابتدائی تفتیش کے دوران انہوں نے ان چینلز کے بارے میں بتایا جن کے ذریعے یہ اسمگل شدہ ویپس حاصل کیے گئے تھے۔جس پر ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے اور تمام ساتھیوں تک پہنچنے اور گرفتار کرنے کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔ واضح رہے کہ یہ اب تک ملک میں اسمگل شدہ ویپس کی سب سے بڑی کارروائی کی گئی ہے۔چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد اور ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس فیض احمد نے کسٹمز انٹیلی جنس کراچی کی کاوشوں کو سراہا جس کے نتیجے میں یہ انسداد سمگلنگ آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔