محکمہ کسٹمزنے ایدھی فاﺅنڈیشن کو 11کروڑ35لاکھ روپے کے پے آرڈرزجاری کردیئے
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کسٹمز نے ایدھی فاﺅنڈیشن کی جانب سے ایمبولنسوں کی درآمد پرسیکورٹی کے طورپر جمع کرائے گئے18کروڑ روپے میں سے11کروڑ35لاکھ روپے کے پے آرڈرزجاری کردیئے ہیں۔ذرائع نے بتایاکہ ایدھی فاونڈیشن کوپاکستان کسٹمزٹیرف نمبر9912کے تحت ایک فلاحی ادارے کے طورپرایمبولینسز، ہیلی کاپٹرز، ائیرکرافٹ، اجناس، گرم ملبوسات، ایکسرے مشین سمیت دیگر میڈیکل وسرجیکل آلات، ادویات سمیت دیگرمتعلقہ اشیاءکی درآمد پرکسٹم ڈیوٹی کی استثنیٰ حاصل ہے۔ تاہم انہیں فیڈرل ایکسائزڈیوٹی سے استثنیٰ نہیں دیاگیاہے یہی وجہ ہے کہ ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے بطورسیکورٹی جمع کرائے گئے18کروڑروپے کے پے آرڈرز میں سے فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مدمیں 5کروڑ33لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں اور12 بوٹس کی درآمد پربھی فیڈرل ایکسائزڈیوٹی کی مدمیں بھی 17لاکھ روپے کی وصولیاں کی گئی ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے درآمدکی جانے والی 2017ماڈل کی لینڈ کروزر کے لیے وزارت تجارت نے این او سی جاری نہیں کی اور اس سلسلے میں ایف بی آر کا موقف ہے کہ مزکورہ لینڈ کروزر ایمبولینس نہیں ہے اور سال2016 کی درآمدی پالیسی کے تحت پرانی اور استعمال شدہ گاڑیوں کی درآمدات پرپابندی عائد ہے اورپی سی ٹی 9913 سے عدم مطابقت کے باعث ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے درآمدکی جانے والی لینڈ کروزرکی کلیئرنس بھی نہیں دی گئی ہے کیونکہ مذکورہ ٹیرف نمبرکے تحت فلاحی ادارے کی جانب سے درآمد کی جانے والی گاڑی پرایمبولینس کی واضع تحریرہونی چاہئے۔ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کسٹمز نے گزشتہ 5سال کے دوران ایدھی فاونڈیشن کوایک ارب روپے سے زائد مالیت کی اشیاءکی درآمدات پرکسٹم ڈیوٹی کی مد میں ایک ارب56کروڑ روپے کی چھوٹ فراہم کی ہے۔ یہاں یہ امر قابل ذکرہے کہ ایدھی فاونڈیشن کی جانب سے سال 2016-17اورسال 2018میں 270ایمبولینسیں درآمدکی گئی تھیں جس پر18کروڑروپے مالیت کے پے آرڈرز بطور سیکیورٹی جمع کیے گئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم حکام کوجب عبدالستارایدھی فاﺅنڈیشن کی جمع شدہ رقم کے پے آرڈرز ریلیز نہ ہونے سے متعلق آگہی ہوئی توانہوں نے فوری طورپر فاونڈیشن کاریکارڈطلب کرکے جمع شدہ پے آرڈرزکی واپسی کےاحکامات جاری کیے۔ واضع رہے کہ ایدھی فاونڈیشن کے منیجنگ ٹرسٹی فیصل ایدھی کی جانب سے جمع شدہ پے ا ٓرڈرزریلیزکرنے کے لیے حکومت سندھ سے مداخلت کی اپیل پر وزیراعلی سندھ سید مراد علیشاہ نے بھی چیئرمین ایف بی آر شبرزیدی کواس ضمن میں خط ارسال کیا تھا۔
Customs Issue Pay order of Rs.113.50 millions to Aubdul Sattar Edhi Foundation