غیر ملکیوں سے شادی کرنے والے کسٹمز افسران سے تفصیلات طلب کرلی گئیں
کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت پاکستان نے محکمہ کسٹمز کے گریڈ19سے 22 کے افسروں سے انکی غیر ملکی شہریت کے حامل بیوی اور شوہر کے بارے میں تفصیلات طلب کر لیں۔ایک فوری نوٹیفکیشن کے ذریعے کسٹمز افسروں سے تحریری طور پر جواب طلب کیا گیا ہے کہ جن مردافسروں کی بیویاں اورجن خواتین افسروں کے شوہرغیر ملکی شہریت کے حامل ہیں ان کی تفصیلات 3روز میں سیکرٹری مینجمنٹ کسٹمز کو فراہم کرنا ہونگی،ان تفصیلات میں افسروں کو اپنا نام،موجودہ عہدہ اور اسکیل،جنس یعنی مرد یا عورت،ڈومیسائل اور اپنی بیوی یا شوہر کی شہریت بتانا ہوگی۔باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان پبلک ایڈمنسٹریشن ریسرچ سنٹر ایک ایسا ڈیٹا تیار کر رہا ہے جس کے مطابق کسٹمز میں غیر ملکی شہریت کے حامل گریڈ19سے 22کے شادی شدہ افسروں کی تفصیلات درج ہونگی،اس بارے میں ملک بھر کے کسٹمز افسروں کو بذریعہ ویب سائٹ بھی اطلاع دیدی گئی جبکہ تحریری طور پر چیف کلکٹرز،ڈائریکٹر جنرلز،کلکٹرز،ڈائریکٹرز کسٹمز ڈیپارٹمنٹ،کسٹمز ایڈجیوڈیکیشن کلکٹریٹس،کلکٹر زاپیل اور چیف مینجمنٹ کسٹمز کو اطلاع کر دی گئی۔