دوہری شہریت کسٹمز کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا
کراچی (اسٹاف رپورٹر)فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کسٹمز کے کئی محکموں کی جانب سے افسران کی دوہری شہریت کے بارے میں تفصیلات نہ دینے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر معلومات فراہم کریں۔ ایف بی آر نے 16 فروری کو ایک سرکلر کے ذریعہ کسٹمز کے کئی محکموں کو یاد دہانی کروائی ہے کہ وہ 17 گریڈ اور اس سے اوپر کے افسران کی دوہری شہریت کے حوالے سے معلومات فراہم کریں۔ جن اداروں کو یادداشت بھیجی گئی ہیں ان کے نام اس طرح ہیں۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن، ایف بی آر اسلام آباد، کلکٹر، کلکٹریٹ آف کسٹمز (ایڈجیوڈیکشن) اسلام آباد، فیصل آباد اور کوئٹہ، کلکٹر، کلکٹریٹ آف کسٹمز (اپیلز) اسلام آباد، لاہور اور کراچی، ڈائریکٹر جنرل، ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ (کسٹمز) اسلام آباد، ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف ٹریننگ اینڈ ریسرچ (کسٹمز) اسلام آباد اور لاہور، ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف آئی او سی او، لاہور اور ڈائریکٹر، ڈائریکٹوریٹ آف رسک مینجمنٹ کراچی، ایف بی آر نے اس سے پہلے 31 جنوری کو پاکستان کسٹمز اور ان لینڈ ریونیوکے تمام 17 گریڈ اور اس سے اوپر کے افسران کو ہدایت کی تھی کہ وہ اپنی دوہری شہریت کے بارے میں حکام کو آگاہ کریں۔