انفورسمنٹ کلکٹریٹ کا کریک ڈاﺅن آپریشن انڈین جنسی ادویات ضبط
کراچی (اسٹاف رپورٹر) ماڈل کسٹم کلکٹریٹ انفورسمنٹ کے شعبہ اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے مالیت کی انڈین جنسی ادویات ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق کلکٹر عامر تھہیم کی ہدایت پر ایڈیشنل کلکٹر امجد راجپر کی سربراہی میں اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن کی چھاپہ مار ٹیم نے ماڑی پور ٹرک اڈے پر چھاپہ مار کر اندرون ملک اسمگل کی جانے والی انڈین جنسی ادویات قبضہ میں لے لیں۔ذرائع کے مطابق قبضے میں لی گئی ادویات میں 3 لاکھ 10 ہزار انڈین جنسی ٹیبلٹ اور 3 لاکھ 20 ہزار معدے کی گولیاں شامل ہیں جن کی مالیت 6 کروڑ 50 لاکھ بتائی گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان میں انڈین جنسی ادویات بڑے پیمانے پر غیر قانونی طریقے سے اسمگل کرکے کھلے عام فروخت کی جاتی ہیں جبکہ انسداد اسمگلنگ کے لئے محکمہ کسٹمز کا عملہ گاہے بگاہے چھاپہ مار کارروائیاں کرتا رہتا ہے۔