ایف بی آر نے آگاہی مہم کی تیاری کرلی
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ورلڈ بینک کے پروگرام پاکستان رائزز ریونیو کے تحت ٹیکس کی ادائیگی کے آگاہی کے لئے ایک بڑا منصوبہ تیار کرلیا ہے۔ اس منصوبہ کے تحت ایف بی آر کے اہلکار ملک بھر میں گھر گھر جاکر ٹیکسوں کے بارے میں آگاہی دیں گے۔ ایف بی آر نے ورلڈ بینک کی فنڈنگ سے اکتوبر اور نومبر 2022 میں اس کی تفصیلات جاری کی تھی۔ جس کے تحت آئی ٹی کے شعبہ کو مضبوط کرکے اخراجات میں کمی کرنا ہے جبکہ ٹیکس پیئرز کی سہولیت اور ٹیکس رجحان کو فروغ دینے کے لئے کوششیں تیز کرنا ہیں۔ اس پروگرام کے تحت ایف بی آر گھر گھر جاکر ٹیکس سے متعلق لوگوں کی مشکلات دور کریں گے جبکہ موبائل وین بھی اس میں استعمال کی جائے گی جس طرح نادرا کی جانب سے شناختی کارڈز بنانے کی سہولت دی جاتی ہے۔ ٹیکس پیئرز تک پہنچنے کے لئے ایف بی آر نان لگژری 155 وین گاڑیاں خریدیں گی۔ اس پروگرام پر عملدرآمد کے لئے فیڈرل بینک نے 7 جولائی 2022 میں پہلے ہی منظوری دے دی ہے جس میں ان گاڑیوں کی خریداری کے لئے اجازت دی گئی تھی۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ پی سی ون کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔ ان موبائل وین کے ذریعے ٹیکس پیئرز کو ٹیکس رجسٹریشن کی سہولیات فراہم کی جائیں گی جبکہ سیلز ٹیکس ریٹرن کا جمع کرنا، ٹیکس کی ادائیگی اور ٹیکس پیئرز کا پروفائل تیار کرنا یا درست کرنے کے سہولیات شامل ہوں گی۔ ایف بی آر کا منصوبہ ہے کہ ان وین میں بینک کارڈ مشین، بائیو میٹرک ویری فکیشن جیسی سہولیات شامل ہوں۔