کپڑے کے امپورٹر کو منی لانڈرنگ پر نوٹس جاری
کراچی (اسٹاف رپورٹر) فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے کپڑے کے درآمد کنندہ کو اینٹی منی لانڈرنگ کے قوانین کے تحت نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ درآمد کنندہ کی ادائیگیاں بینکنگ ٹرانزکشن سے زائد ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایف بی آر نے کراچی کے ایک درآمد کنندہ کے امپورٹ ریکارڈ کی تفصیل سے جائزہ لینے کے بعد ٹیکس چوری اور منی لانڈرنگ کے نوٹسز جاری کئے۔ امپورٹر پر یہ بھی الزام ہے کہ وہ انڈین فیبرک کی درآمد کررہے تھے جوکہ دبئی میں ری پیک ہوکر پاکستان لایا جاتا رہا۔ ایف بی آر کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ امپورٹرز ان امپورٹرز میں سے ایک ہیں جن کے کسٹمز نے حال ہی میں 106 کنٹینرز پکڑے تھے۔ ایف بی آر کے ذرائع کے مطابق امپورٹر نے سال 2016-17 کے انکم ٹیکس ریٹرن بھی جمع نہیں کروائے جبکہ اس سے پہلے بھیجے گئے نوٹسز کا جواب بھی نہیں دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ امپورٹر نے مختلف بینکوں میں 5 اکاﺅنٹس کھلوائے اور ان میں کھربوں روپے کی ٹرانزکشن کی۔
FBR Issue Notices to Money Laundering Importer