ایف ٹی او کی ایف بی آر، اسٹیٹ بینک کو ایکسپورٹ ریبیٹ کی بروقت تکمیل کی ہدایات جاری۔
اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر)وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آراوراسٹیٹ بینک آف پاکستان کو برآمدکنندگان کوریبیٹ کی بروقت تکمیل اور کریڈٹ کو یقینی بنانے ہدایات جاری کی ہیں۔وفاقی ٹیکس محتسب نے ملتان میں مقیم فٹ ویئر کے لیے ہاتھ سے بنے چمڑے کے برآمد کنندہ کی جانب سے دائر شکایت میں حکم جاری کیا، جس نے کہا کہ چار سال گزر جانے کے باوجود اس کے ریبیٹ کےلئے کئے جانے والے دعوے کی رقم واپس نہیںکی گئی ،ایف ٹی اونے تمام حقائق کومدنظررکھتے ہوئے فیصلے میںریمارکس دیئے ہیں کہ 2019 سے کسٹمز حکام کی جانب سے برآمدی ریبیٹ کے دعووں کو نمٹانے میں تاخیر بدانتظامی کی وجہ سے ہے۔ایف ٹی اونے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو حکم دیا کہ وہ کلکٹر، کلکٹریٹ آف کسٹمز (ایکسپورٹ) کراچی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹ، اسلام آباد کو قانون کے مطابق ضروری تصدیق مکمل کرکے زیر التواءبرآمدی ریبیٹ کو30دن کے اندر تیزی سے نمٹانے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ایف ٹی او نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر، فارن ایکسچینج آپریشنز ڈیپارٹمنٹ، اسٹیٹ بینک آف پاکستان ملتان/ منیجر الائیڈ بینک لمیٹڈ، نواں شہر برانچ ملتان کو مزید ہدایت کی کہ وہ ویبوک میں تصدیق کے عمل کی تکمیل پر نظر رکھیں تاکہ ریبیٹ کو بروقت کریڈٹ کو یقینی بنایا جا سکے۔فیصلے کے مطابق شکایت کنندہ کو یہ بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مخصوص گڈزڈیکلریشنز کے معاملات میں مطلوبہ دستاویزات جمع کرانے کو یقینی بنائے جیسا کہ ویبوک میں دکھایا گیا ہے تاکہ محکمے کو تصدیقی عمل کو مکمل کرنے میں مدد ملے۔شکایت کنندہ نے نشاندہی کی کہ اس نے 2019میں کنسائمنٹ کی برآمدکی تھی جس کے بعد اسے ویبوک،پاکستان سنگل ونڈو(پی ایس ڈبلو)میں چار سال سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد گڈڈیکلریشن کے مطابق ریبیٹ کلیم موصول نہیں ہوئے۔شکایت کنندہ نے ویبوک شکایت کے انتظام اور تجارتی سہولت کے نظام میں بھی شکایات درج کیں۔شکایت کنندہ نے 3.27 ملین روپے کے ریبیٹ کلیم کے اجراءکی درخواست کی ہے۔