گلاس ویئراورپرسلین ویئرکی درآمدی ویلیومیں120فیصدکا اضافہ، درآمدکنندگان میں بے چینی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزویلیوایشن نے گلاس ویئراورپرسیلین ویئرکی درآمدی قیمت میں 120فیصدکااضافہ کردیا ہے جس کے باعث درآمدکنندگان میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق ڈائریکٹویٹ آف کسٹمز ویلیوایشن کی جانب سے گلاس ویئراورپرسیلین ویئرکی درآمدی ویلیو میں اضافہ اسٹیک ہولڈرزکواعتماد میں لیے بغیرکیاگیا ہے جس کی وجہ سے 63درآمدکنندگان کی جانب سے مذکورہ ویلیوایشن رولنگ کے خلاف اپیل کی ہے۔ ذرائع کے مطابق محکمہ کی جانب سے 22 مارچ 2022 کو چائناسے درآمدکئے جانے والے گلاس ویئراور پرسیلین ویئرکی درآمدی ویلیو1602کااجراءکیاگیا تھاجس میں گلاس ویئر کی درآمدی ویلیو1.25ڈالرفی کلو گرام اورپرسیلین ویئر کی ویلیو1.03ڈالرفی کلوگرام مقررکی گئی تھی لیکن محکمہ نے اسٹیک ہولڈرزکو اعتمادمیں لئے بغیر 13ماہ بعد نئی ویلیوایشن رولنگ نمبر 1774کااجراءکیا گیا جس میں چائنا سے درآمد ہونے والے گلاس ویئرکی درآمدی ویلیو2.40ڈالر فی کلوگرام اورپرسیلین کی درآمدی ویلیو2.10ڈالر فی کلوگرام مقررکرکے مذکورہ آئٹمز کی درآمدی ویلیو میں 120فیصدتک کا اضافہ کردیاہے۔اس ضمن میں متاثرہ درآمدکنندگان کا کہناہے کہ63درآمدکنندگان نے جاری ہونے والی ویلیوایشن رولنگ نمبر1774کے خلاف اپیل بھی جمع کروائی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ محکمہ کی جانب سے چائناسے درآمدکئے جانے والے گلاس ویئر اور پرسیلین ویئرکی درآمدی ویلیومیں 120 فیصدسے زائد کے اضافہ سے درآمدمکمل طورپربند ہوجائے گی جبکہ مذکورہ آئٹمزکے ماہانہ 100سے زائد کنٹینرزدرآمدکئے جاتے ہیں جس سے قومی خزانے میں بھاری محصولات اکٹھاہوتے ہیں لیکن محکمہ کے اس عمل سے ایک جانب حکومت محصولات سے محروم ہوجائے گی اوردوسری جانب گلاس ویئر اور پرسیلین ویئرکی اسمگلنگ بھی شروع ہوجائے گی۔